نئی دہلی// دہلی پردیش کانگریس کے صدر دیویندر یادو نے جموں کشمیر کے پہلگام میں ہوئے دہشت گردانہ حملے کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ حملہ ملک کی شناخت پر حملہ ہے ، جسے برداشت نہیں کیا جائے گا۔
مسٹر یادو نے بدھ کو میڈیا والوں سے کہا، "اس حملے کا مناسب جواب دیا جانا چاہیے ۔ ہم بیرونی طاقتوں کے عزائم کو کبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے ۔ بحران کی گھڑی میں ہم سب ملک کے ساتھ ہیں۔”
انہوں نے کہا کہ یہ دہشت گردانہ حملہ تشویشناک اور دل دہلا دینے والا ہے ۔ دہشت گردوں کے اس گھناؤنے حملے میں بڑی تعداد میں بے گناہ شہری جاں بحق ہوئے جو کہ انتہائی تکلیف دہ اور قابل مذمت ہے ۔ دہلی کانگریس خدا سے دعا کرتی ہے کہ وہ مرنے والوں کی روحوں کو سکون دے اور زخمیوں کو جلد صحت یاب کرے ۔
کانگریس لیڈر نے کہا کہ ملک دہشت گردی کے خلاف متحد ہے ۔ مرکزی اور ریاستی حکومتوں کو چاہئے کہ وہ متاثرہ لوگوں کو فوری راحت فراہم کرنے کے لئے فوری اقدامات کریں اور مرنے والوں اور زخمیوں کے لئے مناسب مالی امداد کا بھی اعلان کریں۔
انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت کو اس بات کو یقینی بنانا چاہئے کہ سیکورٹی فورسز اس گھناؤنے جرم کے ذمہ دار دہشت گردوں کو جلد از جلد گرفتار کریں کیونکہ ملک کسی بھی قیمت پر دہشت گردی کو برداشت نہیں کرے گا۔ دہشت گردی کے بار بار ہونے والے واقعات میں معصوم لوگوں کی جانوں کا زیاں سیکورٹی کے نقطہ نظر سے انتہائی شرمناک ہے ۔
مسٹر یادو نے کہا کہ مرکز اور ریاستی حکومتوں کو وادی میں حالات کو معمول پر لانے کے لئے مکمل تال میل کے ساتھ کام کرنا چاہئے کیونکہ یہ دہشت گردانہ حملہ نہ صرف وادی سے سیاحوں کو دور کررہا ہے بلکہ کشمیر میں لاکھوں لوگوں کی روزی روٹی کو بھی تباہ کر رہا ہے جس کے پورے ملک میں اثرات مرتب ہوں گے ۔