جموں//
جموں کشمیر کے ریاسی ضلع میں مسلسل بارش کے پیش نظر حکام نے دریائے چناب میں پانی کے بھاری بہاؤ کو کم کرنے کے لئے منگل کو سلال ہائیڈرو الیکٹرک پاور پروجیکٹ ڈیم کے گیٹ کھول دیئے۔
مقامی لوگوں سے کہا گیا ہے کہ وہ محتاط رہیں اور ندی کے کناروں سے دور رہیں۔
نیشنل ہائیڈرو الیکٹرک پاور کارپوریشن (این ایچ پی سی) کے ایک سینئر عہدیدار نے بتایا کہ دریائے چناب میں زیادہ بہاؤ اور بڑھتے ہوئے رجحان کی وجہ سے احتیاطی تدابیر کے طور پر سلال ڈیم کے گیٹ کھول دیے گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دریائے چناب میں پانی کا اخراج بہت زیادہ ہے جس کی وجہ سے سلال ڈیم کے نیچے پانی کی سطح میں اضافہ ہو رہا ہے۔
عہدیدار کاکہنا تھا’’اس کی وجہ سے، لوگوں، گاڑیوں، مویشیوں اور جانوروں کے لیے ندی کے پاس جانا مناسب نہیں ہے۔ لہٰذا علاقے کے عوام کو آگاہ کیا جاتا ہے کہ وہ مناسب احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور اس دوران دریائے چناب کے کنارے جانے سے گریز کریں‘‘۔
ندی میں پانی کی سطح میں اضافے کے بعد ضلع انتظامیہ نے ریاسی میں الرٹ جاری کیا ہے۔
ڈیم کنٹرول کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ بالائی علاقوں میں بھاری بارش کی وجہ سے ندی میں پانی کی سطح میں اضافہ ہوا ہے جہاں سے ندی گزرتی ہے۔ (ایجنسیاں)