جموں/ 15 اپریل
وزیراعظم نریندر مودی کے مجوزہ دورہ جموں و کشمیر سے قبل، پولیس سربراہ نالین پربھات نے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کے دوران سیکورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔
ڈائریکٹر جنرل پولیس (ڈی جی پی) نے دورے کے لیے کیے گئے سیکورٹی اقدامات کا جامع جائزہ لیتے ہوئے افسران کو ہدایت دی کہ فول پروف حفاظتی انتظامات کو یقینی بنایا جائے تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے سے موثر انداز میں نمٹا جا سکے ۔
دریں اثنا، وزیر اعظم کی ذاتی سیکورٹی کے ذمہ دار اسپیشل پروٹیکشن گروپ (ایس پی جی) نے کٹرا میں اس مقام کا کنٹرول سنبھال لیا ہے جہاں وزیراعظم مودی 19 اپریل کو کشمیر کے لیے پہلی ٹرین کو ہری جھنڈی دکھائیں گے ۔
وزیراعظم اس موقع پر کٹرا اور کشمیر کے درمیان افتتاحی ٹرین سروس کا آغاز کریں گے ، اور ساتھ ہی دریائے چناب پر تعمیر کیے گئے دنیا کے سب سے اونچے ریلوے پل کا بھی افتتاح کریں گے ۔
یاد رہے کہ وزیراعظم نریندر مودی پہلے ہی چناب پل کو انجینئرنگ کی ایک ’بے مثال‘مثال قرار دے چکے ہیں۔ کشمیر اور جموں کے درمیان تجارتی ٹرین آپریشن کے آغاز سے وادی کشمیر اور ملک کے دیگر حصوں کے درمیان مکمل ریل رابطے کا نیا باب کھلے گا۔
دریائے چناب پر تعمیر ہونے والا یہ ریلوے پل دنیا کے بلند ترین ریلوے پلوں میں شامل ہے ، جو ایفل ٹاور سے 35 میٹر بلند ہے ۔
حکام کے مطابق، اس پل کی تعمیر میں تقریباً 29,000 ٹن اسٹیل استعمال کیا گیا ہے ۔ خطے میں زلزلے کے خطرے کو مدنظر رکھتے ہوئے پل کو اس انداز میں ڈیزائن کیا گیا ہے کہ یہ ریخترپیماں پر 8 شدت تک کے زلزلے کو برداشت کر سکے ۔