ایمسٹیلوین//سلامی بلے باز جیسن رائے (73) اور فلپ سالٹ (77) کی نصف سنچریوں نے انگلینڈ کو نیدر لینڈ پر دوسرے ون ڈے میں میں چھ وکٹ سے جیت دلائی۔ انگلینڈ نے اس جیت کے ساتھ سیریز پر بھی قبضہ کر لیا۔
نیدر لینڈ کے ایمسٹیلوین کے وی آر اے کرکٹ گراؤنڈ میں ہونے والا میچ بارش کے باعث 41 اوور تک محدود کر دیا گیا، نیدر لینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔
ڈچ ٹیم کی جانب سے نصف سنچری بنانے والے واحد بلے باز کپتان اسکاٹ ایڈورڈز نے 73 گیندوں پر 78 رن بنائے۔ ایڈورڈ نے اپنی اننگز میں چار چوکے اور تین چھکے لگائے۔ اس کے علاوہ لوگن وین بیک (30) اور شین سنیٹر (17) نے بالآخر 27 گیندوں میں 44 رن کی تیز شراکت داری کرکے ٹیم کو 235 رن تک پہنچا دیا۔
236 رن کے ہدف کے تعاقب میں رائے اور سالٹ نے 17 اوور میں پہلے وکٹ کے لیے 139 رن جوڑ کر میچ پر انگلینڈ کی گرفت مضبوط کی۔ کپتان آیون مورگن ایک بار پھر صفر پر آؤٹ ہوئے اور لیام لیونگسٹن بھی چار رن بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے تاہم ڈیوڈ ملان (36) اور معین علی (42) نے 37ویں اوور میں ہی ہدف کا تعاقب کر کے انگلینڈ کو چھ وکٹوں سے فتح دلادی۔
اس کے ساتھ ہی انگلینڈ نے تین میچوں کی سیریز میں 2-0 کی ناقابل تسخیر برتری حاصل کر لی ہے۔ سیریز کا تیسرا اور آخری میچ 22 جون کو کھیلا جائے گا۔