سرینگر//
سنتور ہوٹل ملازموں نے ہفتے کے روز اپنے مطالبات کو لے کر یہاں احتجاج درج کیا۔
احتجاجیوں نے اپنے ہاتھوں میں بینرس اٹھا رکھے تھے اور وہ ’ہمیں انصاف چاہئے ‘ جیسے نعرے لگا رہے تھے ۔
بتادیں کہ سنتور ہوٹل کو حال ہی میں سرکار نے اپنی تحویل میں لے لیا ہے ۔
احتجاج کے دوران ایک احتجاجی نے میڈیا کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ اچانک ہماری نوکریاں چھینی گئیں۔انہوں نے کہا کہ ہم ایک سو سٹھ ملازمین گذشتہ تیس برسوں سے نوکریاں کر رہے ہیں اوراپنی خدمات بحسن و خوبی انجام دے رہے ہیں۔
ملازمین کا کہنا تھا کہ ہم ماہ رواں کی گیارہ تاریخ کو دلی میں شہری ہوا بازی کے وزیر سے ملے جنہوں نے ہمارا مسئلہ حل کرانے کی یقین دہانی کی لیکن آج ہمیں سڑکوں پر آنا پڑا۔
احتجاجی نے کہا کہ ہم غریب ملازم ہیں جو متاثر ہو رہے ہیں۔انہوں نے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا سے اپیل کی کہ ان کے روز گار کی سبیل کی جائے ۔