سرینگر/۱۸جون
شری امر ناتھ جی یاترا سے قریب دو ہفتے قبل وسطی کشمیر کے ضلع گاندربل میں واقع امر ناتھ گھپا پر ہفتے کی صبح برف کی مہین سی چادر بچھ گئی۔
محکمہ موسمیات کے ایک ترجمان نے بتایا کہ ہفتے کی صبح پنجترنی بشمول امر ناتھ گھپا پر تازہ برف باری ہوئی۔انہوں نے کہ وادی میں اگلے چوبیس گھنٹوں کے دوران میدانی علاقوں میں بارشیں جبکہ بالائی علاقوں میں برف باری ہونے کا امکان ہے ۔
وادی میں ہفتے کے روز جہاں میدانی علاقوں میں موسلا دھار بارشیں ہوئیں وہیں گلمرگ کے بالائی علاقوں میں تازہ برف باری بھی ہوئی۔
بتادیں کہ۴۳دنوں پر محیط سالانہ امرناتھ جی یاترا دو برسوں کے وقفے کے بعد ماہ رواں کی تیس تاریخ سے شروع ہونے والی ہے ۔
حکام نے یاترا کو خوش اسلوبی سے پایہ تکمیل تک پہنچانے کےلئے باقی انتطامات کے علاوہ امسال مثالی سیکورٹی بندو بست کیا ہے ۔
ذرائع کے مطابق مرکزی وزارت داخلہ کی ہدایت پر یاترا کے دوران۳۵۰پیرا ملٹری فورسز کی کمپنیاں تعینات رہیں گے ۔
امسال یاترا کے دوران یاتریوں کی حفاظت کے لئے جہاں پہلی دفعہ آر او پی پارٹی بھی ساتھ رہیں گی وہیں نگرانی کی خاطراینٹی ڈرون ٹیکنالوجی کا بھی استعمال عمل میں لایا جا رہا ہے
حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ اس برس آٹھ لاکھ سے زائد یاتری پوترا شیو لنگم کے درشن کی خاطر وارد وادی ہوں گے