امپھال// منی پور کی وادی امپھال میں الگ الگ کارروائیوں میں مختلف کالعدم تنظیموں سے تعلق رکھنے والے چار عسکریت پسندوں کو گرفتار کیا گیا۔
پولیس نے جمعہ کو بتایا کہ امپھال مغربی ضلع کے ساگولبند سیانگ کوراؤ ماکھونگ سے ایک پی ایل اے کیڈر کو گرفتار کیا گیا۔سلامتی فورس نے ٹینگنوپال ضلع میں ٹینگنوپال پی ایس کے تحت بی پی 85 اور بی پی 86 کے درمیان یو این ایل ایف (کے ) کے ایک مشتبہ کیڈر کو گرفتار کیا۔
منی پور پولیس نے کاکچنگ ضلع سے پی آر ای پی اے کے کے ایک کیڈرکو گرفتار کیا۔ ایک دیگر کارروائی میں منی پور پولیس نے امپھال ایسٹ سے کے سی پی (اپمبا) کیڈر کو گرفتار کیا۔
پولیس نے مزید کہا کہ ریاست میں تمام لوٹے گئے /ناجائز ہتھیاروں کو برآمد کرنے کے لیے انٹیلی جنس پر مبنی تلاشی کارروائیاں، محاصرے اور تلاشی کی کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔ منی پور پولیس نے ان تمام ہتھیاروں کو برآمد کرنے کے لیے باقاعدہ، مسلسل اور ہمہ وقت چھاپے مارنے کا عزم کیا ہے ۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران امپھال مشرقی ضلع سے ہتھیار اور گولہ بارود برآمد کیا گیا۔ دریں اثنا، کوکی تنظیموں کی جانب سے ہائی وے کو بلاک کرنے کے بعد جمعہ کو امپھال سے ماو تک گاڑیوں کی آمدورفت دوبارہ شروع ہونے کی امید ہے ۔
فوج، آسام رائفلز، بی ایس ایف، سی آر پی ایف کے جوان اور سینکڑوں گاڑیاں ہائی وے پر پھنسی ہوئی ہیں۔ ناگا تنظیموں کی جانب سے شاہراہ بند کرنے کے خلاف احتجاج کے بعد کوکی تنظیموں نے ناکہ بندی اٹھالی ہے ۔ اس سے قبل امتحانات میں شرکت کرنے والے طلباء اور یہاں تک کہ ایمبولینسیں بھی جانے سے قاصر تھیں کیونکہ شاہراہ پر بھاری پتھر، جلے ہوئے ٹائر اور لکڑی کے ڈھیر لگ گئے تھے ۔
قومی شاہراہ پر کوکی مظاہرین کے حملے میں اب تک فوج اور آسام رائفلز کے جوانوں سمیت تقریباً 27 سیکورٹی اہلکار زخمی ہو چکے ہیں۔ اس ناکہ بندی کی وجہ سے ایک شخص کی موت اور تقریباً 16 دیگر زخمی ہوئے ۔