نئی دہلی// فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل اے پی سنگھ نے بدلتے ہوئے جیو اسٹریٹجک منظر نامے میں ابھرتے ہوئے سیکورٹی چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے صلاحیتوں کو تیزی سے بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا ہے ۔
ایئر چیف مارشل ڈیفنس سروسز اسٹاف کالج ویلنگٹن میں مستقل فیکلٹی کے ساتھ 80ویں اسٹاف کورس میں شرکت کرنے والے ہندوستانی مسلح افواج کے ٹرینی افسران سے خطاب کرتے ہوئے آج ان خیالات کا اظہار کیا ۔
ائیر چیف مارشل اے پی سنگھ نے کورس کے افسران پر زور دیا کہ وہ تبدیلی کو اپنائیں، ابھرتے ہوئے خطرات کا تنقیدی جائزہ لیں اور مستقبل کے تنازعات کے لیے بہتر حکمت عملی وضع کریں۔ مشترکہ مہارت کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے انہوں نے جنگی کارکردگی کو بڑھانے کے لیے تینوں خدمات کے درمیان مربوط تربیت اور آپریشنل ہم آہنگی کی ضرورت پر زور دیا۔
مسٹر سنگھ نے ہندوستانی فضائیہ کی صلاحیت کی ترقی کے اقدامات اور جدید جنگ میں مربوط کارروائیوں کی اہمیت پر ایک اسٹریٹجک نقطہ نظر فراہم کیا۔ انہوں نے ہندوستان کے قومی مفادات کے تحفظ میں فضائیہ کے اہلکاروں کی کامیابیوں، لچک اور پختہ عزم کو اجاگر کیا۔
اپنے دورے کے دوران فضائیہ کے سربراہ کو تربیتی سرگرمیوں اور مسلح افواج کے درمیان مشترکہ مہارتوں کو فروغ دینے میں اس کی اہمیت کے بارے میں بھی بریفنگ دی گئی جو کہ جدید عسکری تیاری کا ایک اہم پہلو ہے ۔ انہوں نے سخت تعلیمی اور پیشہ ورانہ تربیت کے ذریعے مستقبل کی فوجی قیادت کی تشکیل میں ادارے کے کردار کی ستائش کی ۔
فضائیہ کے سربراہ کے دورے نے مشترکہ آپریشنل صلاحیتوں کو بڑھانے اور انٹر سروس تعاون کو مضبوط بنانے کے لیے فضائیہ کے عزم کا اعادہ کیا تاکہ مستقبل کے چیلنجوں سے نپٹنے کے لیے اچھی طرح سے تیار قیادت کو یقینی بنایا جاسکے ۔