کہا جارہا ہے…یہ کیا جارہا ہے کہ لداخ چاہتا تھا کہ وہ جموں کشمیر سے علیحدگی اختیار کرے اس لئے لداخ کی خواہشتات کا احترام کرتے ہوئے لداخ کو جموں کشمیر سے الگ کیا گیا … پانچ سال پہلے الگ کیا گیا ۔ہم اس بحث میں نہیں پڑنا چاہتے ہیں کہ… کہ یہ آدھا سچ ہے اور… اور آدھا سچ … جھوٹ سے بھی زیادہ جھوٹ ہو تا ہے‘ خطر ناک ہوتا ہے… اور اس لئے ہو تا ہے کیونکہ لداخ … پورا لداخ اور سارے لداخی ایسا نہیں چاہتے تھے… اور اس لئے نہیں چاہتے تھے کیونکہ لداخ میں صرف بودھ نہیں رہتے ہیںبلکہ مسلمان بھی رہتے ہیں… لداخ میں مجموعی طور پر مسلمانوں کی اکثریت ہے اور… اور لداخ کی اکثریت کشمیر سے جدا نہیں ہونا چاہتی تھی… بالکل بھی نہیں ہونا چاہتی تھی… لیکن صاحب بحث یہ نہیں ہے… بحث یہ ہے کہ اگر لداخ اور لداخیوں کی خواہش کے احترام میں اس صوبے کو جموں کشمیر کے باقی دو صوبوں سے الگ کیا گیا ‘ کاٹ دیا گیا تو… توجموںکشمیر کی خواہش کیا تھی … کیا اس خواہش کو معلوم کرنے کی کوئی کوشش کی گئی ؟کیا جموں کشمیر کے لوگ چاہتے تھے کہ لداخ کو ان سے الگ کیا جائے ؟نہیں وہ ایسا نہیں چاہتے تھے‘ لیکن ان سے کسی نے پوچھا بھی نہیں کیوں کہ بات لداخ کی تھی… لداخیوں کی تھی ‘ اس لئے کہا گیا کہ جب بات لداخ اور لداخیوں کی تھی تو… تو جموں کشمیر اور اس کے لوگ کیا چاہتے تھے یہ کوئی معنی نہیں رکھتا ہے… بالکل بھی نہیں رکھتا ہے… اور اللہ میاں کی قسم ہم بھی اس بات کے قائل ہیں… ہم بھی اس بات کو مانتے ہیں… لیکن… لیکن جب بات جموںکشمیر کی آتی ہے تو… تو کوئی اس بات کو نہیں مانتا… کوئی وہی معیار اور اصول اپنانے کو تیار نہیں ہوتا ہے… جو معیار اور اصول لداخ کے حوالے سے اپنا یا گیا اور اس کا دفاع بھی کیا گیا اور کیا جارہا ہے ۔بات جب کشمیر… جموںکشمیر کی ہوتو کوئی یہ نہیں پوچھتا کہ جموںکشمیر کیا چاہتا ہے‘ اس کی خواہش کیا ہے… کوئی اسے یہ حق نہیں دیتا ہے… کوئی اسے یہ حق دینے کو تیار نہیں ہے… اس وقت فیصلے لئے جاتے ہیں اور… اور یہ کہہ کر لئے جاتے ہیں کہ دیش… سارا دیش ایسا چاہتا ہے… اور چونکہ سارا دیش ایسا چاہتا ہے اس لئے جموںکشمیر اور اس کے لوگوں سے پوچھنے کی کوئی ضرورت نہیں ہے… بالکل بھی نہیں ہے … دہرا معیار … جی ہاں اسے دہرامعیار ہی کیا جائیگا اور کچھ نہیں… جو ہمارے ساتھ رواں رکھا جارہا ہے… روز اول سے رکھا جارہا ہے ۔ ہے نا؟