سرینگر//
جنوبی ضلع کولگام کے مشی پورہ گاؤں میں مسلسل تین روز تک جنگجو مخالف آپریشن جاری رہنے کے بیچ جمعرات کی سہ پہر کو جنگجوؤں اور فورسز کے مابین پھر گولیوں کا تبادلہ ہوا جس دوران۲ملی ٹینٹ ہلاک ہوئے۔
آئی جی کشمیر کے مطابق دو میں سے ایک خاتون استانی رجنی بالا کی ہلاکت میں براہ راست ملوث تھا۔
دریں اثنا جنوبی ضلع اسلام آباد کے ہانگل گنڈ کوکر ناگ میں سیکورٹی فورسز نے ایک ملی ٹینٹ کو مار گرانے کا دعویٰ کیا۔
پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ۱۴جون کے روز سیکورٹی فورسز نے مصدقہ اطلاع موصول ہونے کے بعد مشی پورہ گاوں کو محاصرے میں لے کر تلاشی آپریشن شروع کیا۔انہوں نے بتایا کہ جوں ہی سیکورٹی فورسز کے اہلکاروں نے مشتبہ مقام کی اور پیش قدمی شروع کی تو وہاں پر موجود ملی ٹینٹوں نے حفاظتی عملے پر اندھا دھند فائرنگ شروع کی۔اْن کے مطابق ابتدائی گولیوں کے تبادلے کے بعد علاقے میں خاموشی چھائی جس کے بعد تلاشی آپریشن کا دائرہ وسیع کیا گیا۔
ترجمان نے بتایا کہ۱۵جون کی صبح کو گاوں میں موجود جنگجووں اور فورسز کے مابین پھر آمنا سامنا ہوا لیکن اس بار بھی ملی ٹینٹ ابتدائی فائرنگ کے بعد فرار ہوئے۔انہوں نے بتایا کہ جمعرات کی سہ پہر کو سیکورٹی فورسز اور گاوں میں محصور جنگجووں کے درمیان شدید گولیوں کا تبادلہ شروع ہوا جس دوران سیکورٹی فورسز نے دو ملی ٹینٹوں کو مار گرایا۔
آئی جی کشمیر وجے کمار نے بتایا کہ مشی پورہ کولگام میں تین روز تک تلاشی آپریشن جاری رہنے کے بیچ جمعرات کی سہ پہر کو حزب سے وابستہ دو ملی ٹینٹ از جان ہوئے۔ انہوں نے بتایا کہ دو میں سے ایک خاتون استانی رجنی بالا کی ہلاکت میں ملوث تھا۔
بتادیں کہ ۳۱مئی کے روز گوپال پورہ کولگام میں ملی ٹینٹوں نے خاتون استانی رجنی بالا پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں اُس کی موقع پر ہی موت واقع ہوئی۔
دریں اثنا پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ جمعرات کی سہ پہر کو سیکورٹی فورسز کو یہ اطلاع موصول ہوئی کہ ملی ٹینٹ جنوبی کشمیر کے ہانگل گنڈ کوکر ناگ گاوں میں چھپے بیٹھے ہیں تو پولیس، فوج اور سی آر پی ایف نے مشترکہ طورپر فوراً اس علاقے کو محاصرے میں لے لیا اور اْنہیں ڈھونڈ نکالنے کیلئے کارروائی شروع کی۔انہوں نے بتایا کہ فرار ہونے کے تمام راستے مسدود پا کر ملی ٹینٹوں نے حفاظتی عملے پر اندھا دھند فائرنگ شروع کی چنانچہ سیکورٹی فورسز نے بھی پوزیشن سنبھال کر جوابی کارروائی کا آغاز کیا اور اس طرح سے طرفین کے مابین جھڑپ شروع ہوئی جس دوران ایک ملی ٹینٹ مار ا گیا۔
پولیس ترجمان کے مطابق علاقے میں مزید ملی ٹینٹ موجود ہیں جنہیں مار گرانے کی خاطر ایک وسیع علاقے کو سیل کیا گیا ہے۔