آج موسم میں بہتری آنے کا امکان‘ پھسلن کے بعد سرینگر جموں شاہراہ ٹریفک کی نقل و حمل کیلئے بند
سرینگر//
وادی کشمیر میں طویل خشک موسمی صورتحال کا سلسلہ کسی حد تک ٹوٹ گیا اور دوران شب ہی سیاحتی مقامات گلمرگ سمیت وادی بالخصوص جنوبی کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں ہلکی برف باری جبکہ میدانی علاقوں میں رک رک کر بارشیں ہوئیں۔
برفباری سے سڑک پر پھسلن کے بعد حکام نے سرینگر جموں شاہراہ پر ٹریفک کی نقل و حمل روک دی ۔
اطلاعات کے مطابق گلمرگ اور ٹنگمرگ سمیت جنوبی کشمیر کے بالائی علاقوں میں رک رک کر برف باری کا سلسلہ رک رک کر جاری ہے جبکہ میدانی علاقوں میں رک رک کر بارشیں ہو رہی ہیں۔
دارلحکومت سری نگر میں گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران۲ء۱ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے ۔
سیاحتی مقام گلمرگ میں۵ء۷سینٹی میٹر برف ریکارڈ ہوئی ہے جبکہ وادی کے دوسرے مشہور سیاحتی مقام پہلگام میں۰ء۲ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے ۔
شمالی ضلع کپوارہ میں گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران۴ء۷ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے جبکہ قصبہ قاضی گنڈ میں۰ء۲ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے ۔
شمالی کشمیر کے بارہمولہ اور بانڈی پورہ اضلاع میں گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران بالترتیب۰ء۶ملی میٹر اور۵ء۴ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے ۔
وسطی کشمیر کے بڈگام اور گاندربل میں بالترتیب۰ء۱ملی میٹر اور۰ء۳ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے ۔
جنوبی کشمیر کے پلوامہ، شوپیاں، کولگام اور اننت ناگ اضلاع میں گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران بالترتیب ۰ء۲ملی میٹر‘۰ء۵ملی میٹر‘۵ء۴ملی میٹر اور۰ء۳ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے ۔
محکمہ موسمیات کے مطابق وادی میں ۲۰فروری کی شام سے موسم میں بہتری واقع ہوسکتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ۲۱سے۲۳فروری تک موسم جزوی ابر آلود مگر خشک رہنے کا امکان ہے ۔
محکمہ کا کہنا ہے کہ وادی میں ۲۴؍اور۲۵فروری کو موسم مجموعی طور پر ابر آلود رہ سکتا ہے اور اس دوران کہیں کہیں ہلکی برف باری یا بارشیں ہوسکتی ہیں۔
ترجمان نے بتایا کہ وادی میں ۲۶سے۲۸فروری تک بھی موسم مجموعی طور پر ابر آلود رہنے کے ساتھ کئی مقامات پر ہلکی سے درمیانی درجے کی برف باری کا امکان ہے ۔محکمے نے اپنی ایڈوائزری میں سیاحوں، مسافروں اور ٹرانسپورٹروں سے کہا ہے کہ وہ ٹریفک ایڈوائزری پر عمل کریں۔
ادھر وادی میں لوگ بالخصوص کسان برف وبارں کا بے صبری سے انتظار کر رہے ہیں بلکہ اس کیلئے عبادتگاہوں میں خصوصی دعائیں بھی کی جا رہی ہیں۔
وادی میں خشک موسم صورتحال سے جہاں وادی کئی چشمے سوکھ گئے ہیں، وہیں اس دوران کئی علاقوں کے جنگلوں میں آتشزدگی کے واقعات رونما ہو رہے ہیں۔محکمہ موسمیات کے مطابق وادی میں سال رواں کے پہلے ڈیڑھ ماہ کے دوران بارش کی ۷۹فیصد کمی ریکارڈ ہوئی ہے جبکہ اس دوران جموں میں بارش کی۸۴فیصد کمی درج ہوئی ہے ۔
دریں اثنا وادی کشمیر کو ملک کے باقی حصوں کے ساتھ جوڑنے والی سری نگر جموں قومی شاہراہ پر کئی مقامات پر پھسلن پیدا ہونے کی وجہ سے ٹریفک کی نقل وحمل روک دی گئی ہے ۔
حکام کا کہنا ہے کہ قومی شاہراہ پر بحالی کا کام جاری ہے ۔اطلاعات کے مطابق وادی کشمیر میں تازہ برف باری کے بعد کئی شاہراوں پر ٹریفک کی آمدورفت متاثرہوئی ہے ۔
معلوم ہوا ہے کہ تازہ برف باری کے بعد سری نگر جموں شاہراہ کو دو طرفہ ٹریفک کے لئے بند کردیا گیا ہے ۔
حکام کے مطابق بھاری برف باری کی وجہ سے بانہال اور رامسو میں شاہراہ پر پھسلن پیدا ہوئی ہے جس کے پیش نظر شاہراہ پر ٹریفک کو معطل رکھنے کا فیصلہ لیا گیا۔انہوں نے کہاکہ قومی شاہراہ کو قابل آمدورفت بنانے کی خاطر ہنگامی بنیادوں پر کام شروع کیا گیا ہے ۔
اس دوران زوجیلا پر تازہ برف باری کے نتیجے میں وادی کشمیر کو لداخ یونین ٹریٹری سے جوڑنے والی سرینگر، لیہہ شاہراہ پر ٹریفک کی نقل و حمل عارضی طور پر بند کر دی گئی ہے ۔
متعلقہ حکام کا کہنا ہے کہ اس شاہراہ پر بی آر او کی طرف سے گرین سگنل ملنے کے بعد ہی ٹریک بحال کیا جائے گا۔
ادھر وادی کو ملک کے باقی حصوں کے ساتھ جوڑنے والی سری نگر، جموں قومی شاہراہ پر برف باراں کے باوجود ٹریفک کی دو طرفہ نقل و حمل حسب معمول جاری ہے ۔
ٹریفک حکام نے بتایا کہ زوجیلا پر تازہ برف باری کے باعث سرینگر، لیہہ شاہراہ پر ٹریفک کی نقل و حمل روک دی گئی ہے ۔انہوں نے کہا کہ بی آر او کی طرف سے گرین سگنل ملنے کے بعد ہی ٹریک بحال کیا جائے گا۔
حکام نے بتایا کہ سرینگر ،جموں قومی شاہراہ پر ٹریفک کی دو طرفہ نقل حمل حسب معمول جاری ہے ۔انہوں نے مسافروں سے لین ڈسپلن پر عمل کرنے کی تاکید کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ وہ مٹی کے تودے یا چٹانیں کھسک آںے کے خدشات کے پیش نظر بانہال اور رام بن کے درمیان غیر ضروری طور پر ٹھہرنے سے اجتناب کریں اور شاہراہ پر دن کے دوران ہی سفر اختیار کریں۔
حکام نے بتایا کہ تاریخی مغل روڈ، سنتھن روڈ اور بھدرواہ ، چمبا روڈ مسلسل بند ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے عین مطابق سیاحتی مقامات گلمرگ، پہلگام سمیت وادی کے بالائی علاقوں میں برف باری جبکہ میدانی علاقوں میں بارشیں ہوئیں۔