نئی دہلی// پنجاب کے وزیر اعلی بھگونت مان نے کہا ہے کہ پنجاب کی ہمہ جہت ترقی کرکے ملک کے سامنے اسے ایک ماڈل ریاست بنائیں گے ۔
مسٹر بھگونت مان نے منگل کو یہاں پنجاب سے آئے عام آدمی پارٹی (اے اے پی) کے ممبران اسمبلی کی پارٹی کے قومی کنوینر اروند کیجریوال کے ساتھ ملاقات کے بعد کہا کہ پنجاب کو ایک ایسا ماڈل بنائیں گے کہ پورا ملک دیکھے گا۔ ہم امید کرتے ہیں کہ ہمارے رضاکار بغیر کسی لالچ کے سخت محنت کریں گے ۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب میں ہم نے اسکولوں اور اسپتالوں کو از سر نو بنایا۔ دہلی میں جن لوگوں نے کام کیا ہے ، ان کے تجربات کا استعمال پنجاب میں کریں گے ۔
مسٹر مان نے کہا، "ہماری پارٹی کام کے لیے جانی جاتی ہے ۔ ہماری پارٹی مذہب، پیسے کی تقسیم یا غنڈہ گردی نہیں کرتی۔ ہم پنجاب کے تاجروں کا اعتماد جیتنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔ بڑی بڑی کمپنیاں پنجاب میں سرمایہ کاری کر رہی ہیں۔
انہوں نے کانگریس کے دعوے پر کہا کہ پرتاپ سنگھ باجوہ پونے تین سال سے یہی کہہ رہے ہیں۔ انہیں کہنے دیں، ہمارے ایم ایل ایزکی گنتی نہ کریں، پہلے اپنے ایم ایل اے دہلی میں گن لیں۔
قابل ذکر ہے کہ کانگریس لیڈر باجوہ نے دعویٰ کیا تھا کہ اے اے پی کے 25 سے 30 ایم ایل اے ان کے رابطے میں ہیں۔