سرینگر//
کشمیر کی سراغ رساں ایجنسی ’سی آئی کے ‘نے مختلف جیلوں میں مقید ملی ٹینٹوں تک سم کارڈ پہنچانے کے الزام میں پانچ مشتبہ افراد کو حراست میں لیا ہے ۔
سی آئی کے ایک ترجمان نے بتایا کہ ایف آئی آر زیر نمبر۲۳/۶کیس کے سلسلے میں کاونٹر انٹیلی جنس کشمیر نے پانچ مشتبہ افراد کو دھر دبوچ کر سلاخوں کے پیچھے دھکیل دیا۔
ترجمان نے کہاکہ پانچ افراد کو سینٹرل جیل میں سم کارڈ پہنچانے کے مقصد سے قوم مخالف عناصر کے ساتھ مجرمانہ سرگرمیوں میں ملوث ہونے کی پاداش میں پوچھ تاچھ کے لئے حراست میں لیا گیا۔
یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ سی آئی کے نے اس سے قبل سینٹرل جیل سری نگر کے احاطے کی تلاشی لی تھی جس دوران پتہ چلا تھا کہ مذکورہ مشتبہ افراد نے کچھ قیدیوں کے ساتھ مل کر جیل کے اندر سم کارڈ منتقل کئے تھے ۔
مختلف ٹیلی کام سروسز کمپنیوں میں کام کرنے والے افراد کے رول کے بارے میں بھی پتہ چلا ہے اور اس حوالے سے مزید گرفتاریاں متوقع ہے ۔
حراست میں لئے گئے مشتبہ افراد کا تعلق دادو پورہ انت ناگ، قمر واری سری نگر، ناتھ پورہ ، کالوسہ بانڈی پورہ اور کرسو پادشاہی باغ سری نگر سے ہے ۔