نئی دہلی//بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے سینئر لیڈر اور مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے ہفتہ کو عام آدمی پارٹی کے کنوینر اور سابق وزیر اعلی اروند کیجریوال پر سخت حملہ کرتے ہوئے کہا کہ دہلی میں تھری جی حکومت کا مطلب گھپلے والی حکومت ہے ۔ دراندازوں کو پناہ دینے والی اور گھپلے کرنے والی حکومت چل رہی ہے ۔
مسٹر شاہ نے مصطفی آباد میں بی جے پی امیدوار کے حق میں ایک انتخابی ریلی میں مسٹر کیجریوال پر حملہ کرتے ہوئے کہاکہ دہلی والوں کے پیسوں سے کروڑوں کا اپنا گھر بنانے والے مسٹر کیجریوال بڑی بے باکی سے کہتے تھے کہ وہ گاڑی نہیں لیں گے ، بنگلہ نہیں لیں گے ، سیکورٹی نہیں لیں گے ۔ انہوں نے کروڑوں کا بنگلہ بنایا اور ہزاروں کروڑ کا گھپلہ بھی کیا۔
انہوں نے کہا کہ وہ (کیجریوال) صرف یہ بہانہ بنا رہے ہیں کہ ہریانہ حکومت نے جمنا کے پانی میں زہر ملا دیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کیجریوال جی، ہریانہ حکومت نے زہر نہیں ملایا، آپ نے آلودگی پھیلا کر جمنا کے پانی کو زہریلا بنا دیا ہے ۔ انہوں نے (کیجریوال) کہا تھا کہ ہم دریائے جمنا کو صاف کریں گے ، چھٹھ پوجا بہت اچھی ہوگی اور میں جمنا میں ڈبکی لگاؤں گا، لیکن آج تک نہ تو چھٹھ پوجا کے لیے گھاٹ صاف ہوئے ہیں اور نہ ہی جمنا کے پانی کو صاف کیا گیا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ دہلی میں تھری جی حکومت چل رہی ہے ۔ تھری جی کا مطلب ہے گھپلے والی حکومت، ایسی حکومت جو دراندازوں کو پناہ دیتی ہے ، ایسی حکومت جو گھپلے کرتی ہے ۔’’
انہوں نے کہاکہ ”عام آدمی پارٹی کی حکومت کو 10 سال ہو چکے ہیں…اب وقت آگیا ہے کہ دہلی کو اس آفت سے آزاد کیا جائے ۔ اب وقت آگیا ہے کہ دہلی کو شراب مافیا سے آزاد کیا جائے ، اب وقت آگیا ہے کہ دھوکہ بازوں کی دکانیں بند کی جائیں، اب وقت آگیا ہے کہ دہلی سے کٹر بے ایمان لوگوں کو نکالا جائے ۔