نئی دہلی//مرکزی بجٹ 2025-26 میں زراعت کے لیے تقریباً 1 لاکھ 87 ہزار کروڑ روپے کا انتظام کیا گیا ہے اور اسے ہندوستانی معیشت کا اہم انجن قرار دیا گیا ہے ۔
وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن نے ہفتہ کو پارلیمنٹ میں مرکزی بجٹ پیش کیا جس میں زراعت کو ہندوستان کی ترقی کے سفر کا اہم انجن قرار دیا گیا ہے ۔
مرکزی زراعت اور کسانوں کے وزیر شیوراج سنگھ چوہان نے اس بجٹ کو دیہی ہندوستان میں غربت دور کرنے کا بجٹ قرار دیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بجٹ میں ترقی کی تڑپ، اعتماد کی خوشبو اور ترقی یافتہ ہندوستان کی تعمیر کی تڑپ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایک ویژنری بجٹ ہے جس میں معاشرے کے ہر طبقے کا خیال رکھا گیا ہے ۔ اس میں زرعی ترقی پر زیادہ سے زیادہ زور دیا گیا ہے ۔
بہار میں مکھانہ بورڈ کے قیام کے حکومت کے فیصلے کا اعلان کرتے ہوئے محترمہ سیتا رمن نے کہا کہ مکھانوں کی پیداوار، پروسیسنگ، ویلیو ایڈیشن اور مارکیٹنگ کو بہتر بنانے کے لیے ایک بورڈ قائم کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ متعلقہ سرگرمیوں میں مصروف افراد کو ایف پی اوز میں منظم کیا جائے گا۔ یہ بورڈ مکھانہ کے کسانوں کو رہنمائی اور تربیتی تعاون فراہم کرے گا اور اس بات کو یقینی بنانے کے لیے بھی کام کرے گا کہ انہیں تمام سرکاری اسکیموں کا فائدہ ملے ۔