نہیں صاحب ہم یہ دعویٰ کر ہی نہیں سکتے ہیں کہ یہ جو نرملا سیتا رمن نے اپنا حلق خشک کرکے پارلیمنٹ میں کئی گھنٹوں کی تقریر کی … بجٹ تقریر کی ‘ ان کی یہ تقریر ہماری سمجھ میں آگئی … ایسا نہیں ہے ۔ ہم اتنے ودوان… اتنے دانشمند نہیںہیں اور… او ر بالکل بھی نہیں ہیں ۔یقینا ایسے لوگوں کی کوئی کمی نہیں ہو گی اور… اور بالکل بھی نہیں ہو گی جن کی سمجھ میں سیتا رمن کی ایک ایک بات ‘ ایک ایک جملہ‘ ایک ایک لفظ آیا ہو گا… لیکن صاحب ہمارا تعلق اس قبیل سے نہیں ہے اور… اور بالکل بھی نہیںہے ۔ جس دن بجٹ پیش کیا جاتا ہے‘ وہ ہمارے لئے سب سے مشکل دن ہو تا ہے اور… اور اس لئے ہو تا ہے کہ ہماری سمجھ میں یہ نہیں آتا ہے کہ قارئین تک بجٹ کے حوالے سے کیا پہنچانا ہے اور… او ر کیا نہیں ‘ کیسے پہنچانا ہے اور… او ر کیسے نہیں ۔عام بجٹ سے تو پھر بھی ہم نمٹ ہی لیتے ہیں کہ اس حوالے سے بہت سارا مواد ‘ بہت ساری خبریں اور رپورٹیں دستیاب رہتی ہیں… یقین کیجئے کہ جس دن جموں کشمیر کی اسمبلی میں بجٹ پیش کیا جاتا تھا اس دن ہمارا حال بے حال ہو تا تھا… خاص کر اس زمانے میں جب انٹرنیٹ تھا اور… اور نہ سوشل میڈیا … اس لئے اگر آپ یہ توقع کررہے ہیں کہ ہم اپنے اس کالم میں سیتا رمن کے پارلیمنٹ میں پیش کئے گئے بجٹ… عام بجٹ پر کوئی بات کریں گے‘اسکا پوسٹ مارٹم کریں گے تو…تو صاحب ایسا نہیں ہے… یوں سمجھ لیجئے کہ ہم یہ مان کر چلے ہیں کہ یہ ہمارا کام نہیں ہے اور… اور بالکل بھی نہیں ہے ۔ ہم سیتارمن کے بجٹ کو کامیاب اور نہ ناکام ہونے کا فیصلہ صادر کر سکتے ہیں … بہت ساروں نے یہ کام کیا ‘کسی نے اس کو شاندار بجٹ تو کسی نے مایوس کن قرار دیا … جو جس سیاسی تقسیم کی طرف بیٹھا ہے‘ اس نے اسی کے مطابق بجٹ پر اپنا فیصلہ سنایا … لیکن صاحب ہم ایسا نہیں کر سکتے ہیں کہ… کہ ہمارے لئے بجٹ … ایک کامیاب بجٹ کامطلب یہ ہے کہ ہر ایک بھارت واسی کے سر پر چھت ہو ‘ کوئی دیش واسی بھوکے پیٹ نہ سوئے ‘ سڑک‘ بجلی ‘ پانی ‘ صحت اور تعلیم جیسی بنیادی سہولت ہر ایک بھارت واسی کو دستیاب ہو‘ان تک رسائی ہو … اگر سیتا رمن کا بجٹ یہ سب یقینی بنانا تا ہے تو یہ کامیاب ہے… ورنہ نہیں … اور بالکل بھی نہیں ۔ ہے نا؟