احمد آباد//
مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے جمعرات کو کہا کہ نریندر مودی حکومت نے دفعہ۳۷۰ کی منسوخی سمیت تقریبا ًتمام زیر التوا نظریاتی کاموں کو مکمل کرلیا ہے اور وہ اپنی تیسری مدت میں بھی اسی راستے پر گامزن رہے گی۔
سینئر بی جے پی لیڈر یہاں گجرات یونیورسٹی کے میدان میں ہندو روحانی اور خدمت میلے کا افتتاح کرنے کے بعد خطاب کر رہے تھے۔
شاہ نے دعویٰ کیا کہ ایک وقت تھا جب ہندو اپنے ہی ملک میں اپنی شناخت ظاہر کرنے سے ہچکچاتے تھے۔ان کاکہنا تھا’’دس سالوں میں، حالات بدل گئے ہیں۔ اب ہمارے نظریے کے مطابق تقریبا ًتمام زیر التوا کام مکمل ہو چکے ہیں، چاہے وہ جموں و کشمیر سے آرٹیکل۳۷۰ کی منسوخی ہو، ایودھیا میں رام مندر کی تعمیر ہو، تین طلاق کا خاتمہ ہو اور یکساں سول کوڈ (یو سی سی) کا نفاذ ہو‘‘۔
غور طلب ہے کہ یو سی سی کو قومی سطح پر نافذ نہیں کیا گیا ہے ، لیکن بی جے پی زیر اقتدار اتراکھنڈ نے اسے پیش کیا ہے اور شاہ نے پچھلے مہینے راجیہ سبھا میں کہا تھا کہ اسے تمام ریاستوں میں نافذ کیا جائے گا۔
شاہ نے یہاں اپنی تقریر میں مزید کہا کہ مودی حکومت نے ان نامکمل کاموں کو ۱۰ سال میں مکمل کیا ، لیکن پچھلی حکومتوں نے۷۰سالوں میں ان کو ہاتھ نہیں لگایا تھا۔انہوں نے کہا کہ مودی حکومت اپنی تیسری مدت میں بھی اسی سمت میں چلتی رہے گی۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ یہ فخر کی بات ہے کہ۱۷۰ ممالک نے یوگا کو قبول کیا ہے۔
شاہ نے کہا کہ جی۲۰ سمٹ کے دوران دنیا بھر کے رہنما یہاں آئے اور مہاتما گاندھی کو خراج عقیدت پیش کیا جو ہمارے لئے بھی فخر کی بات ہے۔
مرکزی وزیر نے کہا کہ حکومت دنیا بھر سے ہمارے دیوتاؤں کی تقریبا ً۳۵۰چوری شدہ مورتیوں کو واپس لانے میں کامیاب رہی ہے۔
ہندو آدھیاتمک سیوا میلہ کے بارے میں بات کرتے ہوئے شاہ نے کہا کہ ہندو مندروں اور تنظیموں نے آدیواسیوں کو تعلیم دینے یا لاکھوں غریب شہریوں کو صحت کی دیکھ بھال فراہم کرنے سمیت مختلف طریقوں سے سماج کی خدمت کی، لیکن کبھی بھی اپنے کام کی تشہیر نہیں کی۔
وزیر داخلہ نے راشٹریہ سویم سیوک سنگھ کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے اس پروگرام کے ذریعے ایسی تمام خدمت پر مبنی ہندو تنظیموں کو ایک چھت کے نیچے لایا تاکہ لوگ ان اداروں کی خدمات کو سمجھ سکیں۔
شاہ نے کہا کہ سیوا میلہ میں سماج کی بہتری کے لئے کام کرنے والی ہندو تنظیموں کے تقریباً۲۰۰؍ اسٹال ہیں ، جن میں سے ایک اندور ریاست کی۱۸ویں صدی کی حکمران مہارانی اہلیا بائی ہولکر کو وقف ہے جنہوں نے سومناتھ سمیت تقریباً۲۰۰مندروں کو بحال کیا تھا جنہیں مسلم حملہ آوروں نے تباہ کردیا تھا۔ (ایجنسیاں)