سرینگر//
متحدہ مجلس علماء (ایم ایم یو) کے چیئرمین میر واعظ عمر فاروق کی قیادت میں ایک وفد۲۴ جنوری کو نئی دہلی میں وقف ترمیمی بل پر جوائنٹ پارلیامانی کمیٹی (جے پی سی) کے چیئرمین سے ملاقات کرے گا۔
میرواعظ عمر فاروق کے سکریٹری سید رحمان نے ایک مقامی نیوز ایجنسی سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ وفد جمعہ کو نئی دہلی میں وقف بل پر جے پی سی کے چیئرمین جگدمبیکا پال سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کرے گا۔
ایم ایم یو نے وقف بل میں مجوزہ ترامیم کے بارے میں اپنے خدشات سے آگاہ کرنے کیلئے جے پی سی سربراہ سے ملاقات کیلئے وقت مانگا تھا۔
رحمان نے کہا کہ وفد میں کشمیر، جموں، لیہہ اور کرگل کے نمائندے شامل ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس کا مقصد بل کی کچھ شقوں کے بارے میں تحفظات کو اجاگر کرنا ہے جس کے وقف املاک کے انتظام اور خودمختاری اور مسلم کمیونٹی ، خاص طور پر پسماندہ افراد کی فلاح و بہبود پر دور رس اثرات مرتب ہوں گے۔
متنازعہ وقف (ترمیمی) بل۲۰۲۴ کو اپوزیشن سمیت مختلف اسٹیک ہولڈرز کی تنقید اور تشویش کے بعد پچھلے سال اگست میں بی جے پی رکن پارلیمنٹ جگدمبیکا پال کی قیادت والی مشترکہ پارلیمانی کمیٹی کو بھیج دیا گیا تھا۔
کمیٹی مختلف ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے سرکاری عہدیداروں، قانونی ماہرین، وقف بورڈ کے ممبران اور کمیونٹی کے نمائندوں کے ساتھ وسیع مشاورت کر رہی ہے تاکہ قانون سازی میں جامع تبدیلی کو یقینی بنایا جاسکے۔ امکان ہے کہ پینل آئندہ بجٹ سیشن میں پارلیمنٹ کو اپنی حتمی رپورٹ پیش کرے گا۔