سرینگر//
سوپور کے زالورہ گجر پتی علاقے میں سیکورٹی فورسز اور ملی ٹینٹوں کے مابین جاری تصادم میں ایک فوجی جوان جاں بحق ہوا ہے ۔
۲۰۲۵میں شمالی کشمیر کے سوپور علاقے میں یہ اپنی نوعیت کی پہلی جھڑپ ہے ۔
دفاعی ذرائع کے مطابق مصدقہ اطلاع موصول ہونے کے بعد سیکورٹی فورسز نے اتوار کے روز سوپور کے گجر پتی زالورہ علاقے کو محاصرے میں لے کر تلاشی آپریشن شروع کیا۔
ذرائع نے کہاکہ جوں ہی سلامتی عملے کے اہلکار ملی ٹینٹوں کی کمین گاہ کے نزدیک پہنچے تو وہاں پر چھپے بیٹھے ملی ٹینٹوں نے فائرنگ شروع کی جس کے نتیجے میں ۲۲آر آر سے وابستہ آرمی جوان ساور پنگالا کرتیک گرینیڈ کے آہنی ریزوں سے شدید طورپر زخمی ہوا۔
معلوم ہوا ہے کہ زخمی جوان کو علاج ومعالجہ کی خاطر نزدیکی ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں پر وہ جانبر نہ ہوسکا۔
سرینگر نشین دفاعی ترجمان نے ایکس پر جانکاری فراہم کرتے ہوئے بتایا کہ سوپور کے زالورہ علاقے میں فرائض کی انجام دہی کے دوران فوجی جوان جاں بحق ہوا ہے ۔
ترجمان نے جاں بحق ہوئے فوجی جوان کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت ادا کیا ۔
واضح رہے کہ گزشتہ سال کشمیر میں فرائض کی انجام دہی کے دوران نو فوجی اہلکار جاں بحق ہوئے تھے ۔
دریں اثنا حکام کا کہنا ہے کہ سوپور کے زالورہ علاقے میں ملی ٹینٹ مخالف آپریشن جاری ہے ۔ انہوں نے کہاکہ اتوار کی شام ملی ٹینٹوں اور فورسز کے مابین گولیوں کا تبادلہ شروع ہونے کے ساتھ ہی علاقے کو پوری طرح سے سیل کیا گیا۔
ان کا مزید کہنا ہے کہ فی الحال ملی ٹینٹوں اور سیکورٹی فورسز کے مابین دوبارہ آمنا سامنا ہونے کے بارے میں کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے ۔
اس دوران لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے سوپور میں ڈیوٹی کے دوران اپنی جان قربان کرنے والے ایس ڈبلیو آر پنگالا کارتھیک کو خراج عقیدت پیش کیا۔
سنہا نے کہا کہ میں اپنی فوج کے بہادر سپاہی سور پنگالا کارتھیک کی عظیم قربانی کو سلام کرتا ہوں۔ ’’ان کی بہادری اور قربانی کو کبھی فراموش نہیں کیا جائے گا۔ پوری قوم دکھ کی اس گھڑی میں شہید کے اہل خانہ کے ساتھ کھڑی ہے۔‘‘