سونمرگ//
وزیر اعظم نریندر مودی نے آج کہا کہ وہ جموں و کشمیر کے عوام سے کئے گئے وعدوں کو پورا کریں گے اور صحیح وقت پر صحیح چیزیں ہوں گی۔
مودی یہاں اسٹریٹجک طور پر اہم زیڈ موڑ ٹنل کا افتتاح کرنے کے بعد ایک عوامی جلسے سے خطاب کر رہے تھے۔
وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے تقریب میں اپنی تقریر کے دوران جموں کشمیر کا ریاستی درجہ بحال کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔
وزیر اعظم نے کہا’’آپ کو ماننا ہوگا کہ یہ مودی ہیں اور وہ اپنے وعدوں کو پورا کرتے ہیں‘‘۔ مودی نے جموں و کشمیر کی ریاست کا درجہ بحال کرنے کے مطالبے کا ذکر کیے بغیر کہا کہ ہر چیز کیلئے صحیح وقت ہے اور صحیح وقت پر صحیح چیزیں ہوں گی۔
مودی نے مزید کہا کہ جموں و کشمیر ملک کا تاج ہے اور وہ چاہتے ہیں کہ یہ خوبصورت اور خوشحال ہو۔انہوں نے کہا کہ جموں کشمیر میں امن کا ماحول ہے اور ہم نے سیاحت پر اس کا اثر دیکھا ہے۔ کشمیر آج ترقی کی ایک نئی داستان لکھ رہا ہے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ وادی کشمیر کو جلد ہی ٹرین کے ذریعہ جوڑا جائے گا اور اس کے بارے میں لوگوں میں جوش و خروش ہے۔
مودی نے گزشتہ سال اکتوبر میں یہاں زیڈ موڑ ٹنل کے قریب ہوئے دہشت گردانہ حملے میں ہلاک ہونے والے سات افراد کو بھی خراج عقیدت پیش کیا۔
۲۷۰۰کروڑ روپے کے اس پروجیکٹ کا افتتاح کرنے کے بعد وزیر اعظم ٹنل کے اندر گئے اور پروجیکٹ کے عہدیداروں سے بات چیت کی۔ انہوں نے تعمیراتی کارکنوں سے بھی ملاقات کی جنہوں نے ٹنل کو مکمل کرنے کے لئے سخت حالات میں احتیاط سے کام کیا۔
افتتاحی تقریب میں مرکزی وزیر نتن گڈکری، جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا اور چیف منسٹر عبداللہ بھی موجود تھے۔
گزشتہ سال ستمبر اکتوبر میں اسمبلی انتخابات کے بعد مودی کا جموں و کشمیر کا یہ پہلا دورہ ہے۔
وسطی کشمیر کے ضلع گاندربل میں گگنگیر اور سونمرگ کے درمیان۵ء۶ کلومیٹر طویل دو رخی سڑک سرنگ ہنگامی حالات کیلئے۵ء۷ میٹر کے متوازی راستے سے لیس ہے۔
سطح سمندر سے ۸۶۵۰ فٹ کی بلندی پر واقع یہ ٹنل سرینگر اور سونمرگ کے درمیان لیہہ کے راستے میں ہر موسم میں رابطے کو بہتر بنائے گی اور لینڈ سلائیڈنگ اور برفانی تودے گرنے کے خطرے والے راستوں کو بائی پاس کرے گی۔
یہ سونمرگ سے سال بھر رابطے کو یقینی بنا کر سیاحت کو بھی فروغ دے گا۔