نئی دہلی// دہلی اسمبلی انتخابات کے لیے عام آدمی پارٹی آپ) کی ‘مہیلا سمان’ اسکیم کے جواب میں کانگریس نے آج کہا کہ اگر اس کی حکومت بنتی ہے تو دہلی میں خواتین کے لیے ‘پیاری دیدی یوجنا’ نافذ کی جائے گی۔ جس کے تحت ہر خاتون کو ماہانہ 2500 روپے دیے جائیں گے ۔
کرناٹک کے نائب وزیر اعلیٰ ڈی کے شیوکمار، دہلی کانگریس کے انچارج نظام الدین، دہلی پردیش کانگریس کے صدر دیویندر یادو، مہیلا کانگریس کی صدر الکا لامبا اور کانگریس کی ترجمان راگنی نائک نے آج یہاں دہلی پردیش کانگریس کے دفتر میں ایک مشترکہ پریس کانفرنس میں کہا کہ کانگریس یہ وعدہ کرتی ہے اور اگر وہ دہلی میں اقتدار میں آتی ہے تو ‘پیاری دیدی یوجنا’ کے تحت خواتین کو 2500 روپے دیے جائیں گے ۔
مسٹر شیو کمار نے کہا کہ کانگریس نے کرناٹک میں اقتدار میں آنے کے بعد کئے گئے تمام وعدوں کو عملی جامہ پہنایا ہے ۔ انہوں نے کہا "کرناٹک میں تمام گارنٹی پروگراموں کے کامیاب آغاز کے بعد ہم دہلی میں ‘پیاری دیدی’ اسکیم شروع کر رہے ہیں۔ مجھے پورا بھروسہ ہے کہ دہلی میں کانگریس کی حکومت بنے گی اور ہم پہلے دن ہر خاتون کے لئے 2500 روپے کی اسکیم نافذ کریں گے ۔ کرناٹک ماڈل کے مطابق یہی ضمانت دہلی میں بھی نافذ کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ کانگریس کی طاقت ملک کی طاقت ہے اور کانگریس کی تاریخ ملک کی تاریخ ہے ۔ اس نئے سال میں دہلی میں تبدیلی آنی چاہیے اور مجھے امید ہے کہ دہلی میں کانگریس کی حکومت لانے میں ہر کوئی ہماری مدد کرے گا۔ ہم نے جو بھی وعدہ کیا تھا، ہم نے کرناٹک میں اسے پورا کیا ہے اور حلف برداری کے صرف تین ماہ میں پانچوں گارنٹیوں پر عمل درآمد ہو گیا ہے ۔ ہماری گارنٹیوں نے کرناٹک کے نوجوانوں، خاندانوں اور معاشی حالت کو بدل دیا ہے اور لوگ اس کا فائدہ اٹھا رہے ہیں۔ بابائے قوم مہاتما گاندھی نے ملک کے سماج کے ہر طبقے کا خیال رکھنے کا تصور کیا تھا، ہم اسے اپنی پالیسیوں کے ذریعے یقینی بنائیں گے ۔
مسٹر دویندر یادو نے کہا "کانگریس کی ایک تاریخ اور روایت رہی ہے ، جس کی عوام میں ساکھ ہے ۔ کرناٹک میں ہماری حکومت گرہ لکشمی اسکیم کے تحت خواتین کو ہر ماہ 2000 روپے دے رہی ہے ۔ اس کے علاوہ کرناٹک میں گریہ جیوتی یوجنا، انا بھاگیہ یوجنا اور یووا ندھی یوجنا بھی جاری ہیں۔ ان اسکیموں کی وجہ سے ریاست کے خاندانوں کے ہزاروں روپے بچ رہے ہیں۔ اسی طرح ہم تلنگانہ اور ہماچل پردیش میں عوام کو فائدہ پہنچانے کے لیے کئی عوامی فلاحی اسکیمیں بھی چلا رہے ہیں۔
عام آدمی پارٹی کے رہنما اروند کیجریوال پر حملہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا "دہلی میں ایک دھوکے باز اور خوابوں کا سپنوں کا سوداگر ہے ۔ وہ لوگوں کو خواب دکھانے کے لیے لگاتار کام کر رہے ہیں اور 11 برسوں میں دہلی کی حالت بد سے بدتر ہوتی جا رہی ہے ۔ اس کا دکھایا ہوا ہر خواب ٹوٹتا نظر آتا ہے ۔ 11 برسوں میں مسٹر کیجریوال ان تمام پہلوؤں پر ناکام ثابت ہوئے ہیں جن کے بارے میں انہوں نے تعلیم کے ماڈل، مفت بجلی،پا نی اور بدعنوانی کے خاتمے کی بات کی تھی۔ ہمیں خوشی ہے کہ ہم آپ کے سامنے ‘پیاری دیدی یوجنا’ لائے ہیں۔ آنے والے وقت میں ہم آپ کے لیے مزید اسکیمیں لائیں گے ، جو دہلی کے لیے بہت اہم ہیں۔
کانگریس کی دہلی یونٹ کے انچارج قاضی نظام الدین نے کہا "آئندہ اسمبلی انتخابات کے لیے کانگریس سماجی بہبود اور خواتین کو بااختیار بنانے سے متعلق پہلی ضمانت شروع کر رہی ہے ۔ کانگریس ہمیشہ سماجی بہبود اور خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے تیار رہی ہے ۔ کرناٹک میں بھی حکومت بنتے ہی کانگریس نے پہلی کابینہ میں سماجی بہبود کے لیے اپنا منصوبہ طے کیا تھا اور اسے نافذ کیا تھا۔ اس لیے خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے دہلی میں کانگریس ضروری ہے ۔