اپنے گورے گورے بانکے چھورے وزیرا علیٰ‘عمرعبداللہ ہی جب اس بات کا اعتراف کریں کہ گرما گرم حمام میں کشمیر یوںکا ذہن تیزی سے کام کرتا ہے… ان کی تخلیقی صلاحیتوں میں اضافہ ہوتا ہے اور… اور ان تخلیقی صلاحیتوں سے کام لیتے ہو ئے کشمیری افواہیں تخلیق کرتے ہیں… انہیں جنم دیتے ہیں… تو… تو صاحب ہم بھی کشمیری ہیں اور حمام میں بیٹھے ہیں اور… اور یقین کیجئے کہ حمام میں بیٹھ کر ہمیں بھی وزیر اعلیٰ کی اس بات پر یقین ہو گیا ہے… سو فیصد یقین ہو گیا ہے کہ حمام … گرماگرم حمام میں بیٹھ کر سچ میں تخلیقی صلاحیتوں کو فروغ ملتا ہے … چنانچہ ہماری تخلیقی صلاحیتوں کو بھی فروغ مل گیا اور… اور ہمیں بیٹھے بیٹھے یہ خیال آگیا کہ بات تو محض دس پند ممبران کی ہے…اسمبلی ممبران کی ‘اس سے زیادہ کی نہیں ہے… اور اس لئے نہیں ہے کہ بی جے پی کے پاس پہلے ہی ۳۰ کے آس پاس ممبران ہیں… اسے حکومت… جموں کشمیر میں اپنی حکومت بنانے کیلئے انہی دس پندرہ ممبران کی ضرورت ہے اور… اور یہ ضرورت کیسے پوری کی جاسکتی ہے ‘بی جے پی کے پاس اس کا تجربہ ہے‘ مہارت ہے اور … اور ہاں وسائل بھی ہیں کہ اس نے گزشتہ دس بارہ برسوں میں’آپریشن لوٹس ‘آپریشن کنول‘ کی کئی بار کامیاب آزمائش بھی کی اور… اور کوئی بڑی بات نہیں ہے… اور بالکل بھی نہیں ہے کہ آج نہیں تو کل‘ کل تو نہیں پرسوں وہ جموں کشمیر میں بھی ’آپریشن لوٹس‘ کی آزمائش کرے…کہ دس پندہ ممبران اسمبلی کا جگاڑ اس کیلئے کوئی بڑا مسئلہ نہیں ہو نا چاہیے… گرما گرم حمام میں بیٹھ کر ہم ابھی یہ سوچ ہی رہے تھے کہ… کہ اچانک ہمیں یاد آگیا … وہ یقین دہانی یاد آگئی جو وزیر اعلیٰ کے بقول انہیں مرکزی حکومت نے دی ہے… یہ یقین دہانی کہ جموں کشمیر میں ان کی قیادت والی حکومت کو غیر مستحکم نہیں کیا جائیگا… بالکل بھی نہیں کیا جائیگا… اسے بھی وہی تعاون ملے گا جو ایل جی سنہا کو ملتا آیا ہے… لیکن…لیکن پھر ہم نے یہ بھی سوچا ‘ حمام میں بیٹھ کر سوچا کہ اگرحکومت کو غیر مستحکم کرنے جیسی کوئی بات نہیں ہے… اور عمرعبداللہ کے بقول بالکل بھی نہیں ہے تو … تو پھر مرکزی حکومت کو عمرعبداللہ کو یہ یقین دہانی کیوں کرانی پڑی … ان کی حکومت کو غیر مستحکم نہ کرنے کی یقین دہانی… ہم بھی سوچیں گے اور… اور آپ بھی سوچئے … ہاں گرما گرم حمام میں بیٹھ کر اس بارے سوچئے ۔ ہے نا؟