لاہور // بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان روہت شرما آسٹریلیا کا دورہ کرنے والے مہمان کپتانوں میں بدترین اوسط کے مالک بن گئے۔
37 سالہ روہت شرما نے اب تک آسٹریلیا کے دورے میں 5 اننگز میں محض 6.20 کی اوسط سے صرف 31 رنز سکور کیے ہیں جو کسی بھی مہمان کپتان کی آسٹریلین سرزمین پر بدترین کارکردگی ہے۔
اس سے قبل ویسٹ انڈیز کے کورنٹی والش نے 97-1996ء میں آسٹریلیا کے دورے کے دوران 7.75 کی اوسط سے 31 رنز سکور کیے تھے۔
انگلینڈ کے آرتھر گلیگن نے 25-1924ء کی ایشیز میں 9.14 کی اوسط سے 64 رنز بنائے تھے۔ سابق جنوبی افریقی بیٹر اور کپتان ڈین ایلگر نے 23-2022ء میں دورہ آسٹریلیا میں 9.33 کی اوسط سے 56 رنز سکور کیے تھے۔ انگلینڈ کے ایوو بلائی نے 83-1882ء میں دورہ آسٹریلیا میں 10.25 کی اوسط سے 62 رنز سکور کیے تھے۔
اس سے قبل بھارتی ویب سائٹ انڈیا ٹوڈے کی رپورٹ کے مطابق جب بھارتی کوچ سے روہت شرما کی شمولیت کے بارے میں پوچھا گیا تو انہوں نے کہا کہ ٹیم نے ابھی اپنی پلیئنگ الیون کو حتمی شکل نہیں دی اور اس کا فیصلہ پچ کا جائزہ لینے کے بعد کل کیا جائے گا۔
ایک صحافی نے بھارتی کوچ سے یہ سوال کیا پوچھا کہ کپتان نے ٹیسٹ کے موقع پر پریس کانفرنس میں شرکت کیوں نہیں کی جب کہ یہ ایک روایت ہے تو گمبھیر نے بھارتی فاسٹ باؤلر آکاش دیپ کی انجری کی وجہ سے عدم شمولت کی تصدیق کی جب کہ وہ روہت شرما کی پلیئنگ الیون میں شمولیت کے حوالے سے کوئی واضح جواب نہیں دے سکے۔ انہوں نے کہا کہ روہت شرما کے ساتھ سب ٹھیک ہے، مجھے نہیں لگتا کہ یہ کوئی روایت ہے، ہیڈ کوچ یہاں موجود ہیں ، یہ کافی ہونا چاہئے، میں کل وکٹ دیکھ کر ٹیم کو حتمی شکل دوں گا۔
اس سوال پر کہ کیا روہت شرما بھارتی ٹیم کی منصوبہ بندی کا حصہ ہوں گے گمبھیر نے دہرایا کہ جیسا کہ میں نے ابھی کہا، ہم وکٹ کا جائزہ لیں گے اور کل پلیئنگ الیون کا اعلان کریں گے۔ جب ان سے دوبارہ یہ پوچھا گیا تو انہوں نے واضح انداز میں کہا کہ جواب وہ ہی ہے۔
یاد رہے کہ بھارتی ٹیم کے کپتان روہت شرما آسٹریلیا کے خلاف جاری سیریز میں اپنی خراب فارم اور ٹیم کی بری کارکردی کی وجہ سے شدید تنقید کی زد میں ہیں، آسٹریلیا کو 5 میچوں کی سریز میں دو ایک کی برتری حاصل ہے۔