نئی دہلی//
جموں‘ہندوستانی ریلوے کا۶۸واں ریلوے ڈویژن ملک کا پہلا ہائی ماؤنٹین ریلوے ڈویژن ہوگا جو پنجاب کے پٹھان کوٹ سے شروع ہو کر شمالی ہماچل پردیش، جموں و کشمیر تک پھیلے گا۔
وزیر اعظم نریندر مودی۲۰۲۵کے آغاز میں جموں کشمیر کو ایک علیحدہ ریلوے ڈویژن کا تحفہ دینے جا رہے ہیں۔
وزیر اعظم نے اتوار کو ویڈیو لنک کے ذریعے جموں ریلوے ڈویژن کا افتتاح کریں گے ۔ وہیں جموں میں افتتاحی پروگرام میں جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا، وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ، ریلویز، اطلاعاتی نشریات، الیکٹرانکس اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے وزیر اشونی وشنو، وزیر اعظم کے دفتر میں وزیر مملکت ڈاکٹر جتیندر سنگھ موجود ہوں گے ۔
ریلوے ذرائع کے مطابق جموں ریلوے ڈویژن پٹھان کوٹ سے شروع ہوگا۔ یہ ریلوے ڈویژن پٹھان کوٹ سے بارہمولہ تک۴۲۳کلومیٹر، پٹھانکوٹ سے بھیگپور تک۸۷کلومیٹر، پٹھانکوٹ سے بٹالہ تک۶۸کلومیٹر، پٹھانکوٹ سے جوگندر نگر تک۷۲ء۱۶۳کلومیٹر، کل۷۲ء۷۴۱کلومیٹر پر مشتمل ہوگا۔
ذرائع نے بتایا کہ تزویراتی لحاظ سے اہم بلاس پور،منالی،لیہہ ریلوے لائن جو مستقبل میں تعمیر کی جائے گی وہ بھی جموں ڈویژن کے تحت آئے گی۔
قابل ذکر ہے کہ جموں کشمیر اور ہماچل پردیش کا مذکورہ ریلوے نیٹ ورک اس وقت شمالی ریلوے کے فیروز پور ڈویژن کے تحت آتا ہے ۔ فیروز پور ریلوے ڈویژن شمالی ہندوستان کے سب سے زیادہ منافع بخش ریلوے ڈویژن کے طور پر جانا جاتا ہے ۔
دریں اثنا بھارت کے ریل انفراسٹرکچر کیلئے ایک اہم پیش رفت کے طور پر اودھم پور،سرینگر،بارہمولہ ریل لنک کا حصہ انجی کھڈ کیبل اسٹیڈ پل نے مال بردار ٹرینوں اور ٹرکوں کے ساتھ سخت لوڈ ٹیسٹ کامیابی کے ساتھ مکمل کر لیے ہیں۔یہ سنگ میل طویل عرصے سے منتظر منصوبے کو وادی کشمیر کو باقی ہندوستان سے جوڑنے کے قریب لاتا ہے اور وادی کی نقل و حمل کی تاریخ میں ایک نیا باب پیش کرتا ہے۔
جموں کے ریاسی ضلع میں واقع۷۲۵ میٹر لمبا یہ پل انجینئرنگ کا ایک عجوبہ ہے جو رابطے کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کرنے کیلئے تیار ہے۔ دریائے انجی کھڈ پر پھیلی اس پل میں ۹۶ کیبلز ہیں جن کی مجموعی لمبائی ۶۵۳ کلومیٹر ہے۔۱۹۳ میٹر اونچے مرکزی پل پر متوازن یہ پل علاقے میں بنیادی ڈھانچے کے سب سے مشکل اور اہم ٹکڑوں میں سے ایک سمجھا جاتا ہے، جو کٹرا اور ریاسی کے درمیان ایک ہموار ریل لنک فراہم کرتا ہے۔
۱۷ کلومیٹر طویل کٹرا،ریاسی سیکشن کے آخری مرحلے میں، شری ماتا ویشنو دیوی مندر کے دامن سے گزرنے والی ٹی ۳۳ سرنگ کی تکمیل سالوں کے کام کا اختتام ہے۔
۱۳دسمبر کو ٹنل کی کامیابی سے تکمیل نے کمشنر آف ریلوے سیفٹی (سی آر ایس) کے ذریعہ حتمی معائنے کا راستہ صاف کردیا ہے ، جو جنوری۲۰۲۵ کے دوسرے ہفتے میں متوقع ہے۔ سی آر ایس کی منظوری سے انتہائی متوقع وندے بھارت ٹرین خدمات کا آغاز ہوگا ، جس سے دہلی اور سرینگر کے درمیان سفر کا وقت ڈرامائی طور پر۱۳ گھنٹے سے بھی کم ہوجائے گا۔
انجی کھڈ پل کو۳۳۰۰ ٹن وزنی مال بردار ٹرین اور۹ ٹن سے لدے۵۷ ڈمپروں کے ساتھ لوڈ ٹیسٹ کے ایک سلسلے سے گزرنا پڑا۔ ۳۳۵۰۰ ٹن سے زیادہ کے مشترکہ وزن کو بحفاظت سنبھال لیا گیا تھا ، جس سے انجینئروں اور عہدیداروں کو ڈھانچے کی طاقت اور حفاظت کا یقین دلایا گیا تھا۔
وندے بھارت سلیپر ٹرین کے آئندہ افتتاح کے ساتھ ہی وادی کے نقل و حمل کے بنیادی ڈھانچے میں بڑی تبدیلی آئے گی، جس سے وادی کشمیر میں اقتصادی تعلقات اور سیاحت کو فروغ ملے گا۔ انجی کھڈ پل پر کامیاب لوڈ ٹیسٹ کے ساتھ ساتھ اہم سرنگوں اور ٹریک کے کام کی تکمیل جموں و کشمیر کے ریلوے رابطے کیلئے ایک اہم موڑ کی نشاندہی کرتی ہے۔