جموں//
جموںکشمیر کے پولیس سربراہ دلباغ سنگھ کا کہنا ہے کہ بھدروارہ قصبے میں حالات بہت جلد معمول پر آئیں گے ۔انہوں نے کہاکہ وہاں کشیدگی کو کم کرنے کیلئے کوششیں جاری ہیں۔
ان باتوں کا اظہار موصوف نے کٹھوعہ میں نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران کیا۔انہوں نے کہاکہ بدرواہ قصبے میں امن و قانون کی صورتحال کو برقرار رکھنے کی خاطر جمعے کے روز دفعہ ۱۴۴نافذ العمل رہا۔انہوں نے بتایا کہ لوگوں کو پولیس کے ساتھ بھر پور تعاون فراہم کرنا چاہئے ۔
پولیس چیف کے مطابق لوگوں کے ساتھ بات چیت ہو رہی ہے اور ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آف پولیس اور ڈویژنل کمشنر جموں بھدرواہ میں حالات کو معمول پر لانے کی خاطر مختلف طبقوں سے بات چیت کر رہے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ حالات پر گہری نظر رکھی جارہی ہے اور بہت جلد یہاں پر حالاتا معمول پر آئیں گے ۔
دلباغ نے کہا کہ لوگ پر امن رہے اور جس نے بھی غلط کام کیا اُس کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔انہوں نے کہاکہ کسی کے اکسانے پر سڑکوں پر آنا اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو نقصان پہنچانے والی حرکتیں کرنا عقلمندی نہیں ہے ۔
ڈی جی پی نے کہا کہ اکسائے جانے پر ناراضگی کا اظہار ایک سطح تک ٹھیک ہے لیکن ایسا کوئی قدم نہیں اٹھایا جانا چاہئے جس میں پولیس کو طاقت کا استعمال کرنا پڑے اور سخت کارروائی کرنی پڑے ۔
پولیس سربراہ نے کہاکہ ہمارے صفوں میں کچھ ایسے لوگ ہوتے ہیں جو بے ہودہ حرکت کرتے ہیں اور ایسی باتیں کرتے ہیں جو کسی بھی صورت میں بولنی نہیں چاہئے کیونکہ اس سے لوگوں کے جذبات کو ٹھیس پہنچتا ہے ۔
اُن کے مطابق بدرواہ میں حالات معمول پر آرہے ہیں اور اے ڈی جی پی جموں مکیش سنگھ دونوں طبقوں کے لوگوں کے ساتھ بات چیت کر رہے ہیں۔