سرینگر//
پولیس نے شمالی کشمیر کے بارہمولہ، بانڈی پورہ اور کپوارہ اضلاع میں سال رواں کے دوران زائد از ڈیڑھ سو کروڑ روپے مالیت کی منشیات ضبط کی ۔
شمالی کشمیر کے اضلاع لائن آف کنٹرول سے متصل ہے لہذا امسال پولیس نے بڑے پیمانے پر منشیات کی اسمگلنگ میں ملوث افراد کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کیا جس دوران کروڑوں روپے کی جائیدادوں کی ضبطی کے ساتھ ساتھ متعدد منشیات فروشوں کو بھی دھر دبوچاگیا۔
پولیس کی جانب سے جاری تفصیلات کے مطابق ۲۰۲۴میں شمالی کشمیر میں۵۳۶منشیات فروشوں کی گرفتاری عمل میں لا کر ان کے خلاف۴۱۵کیس درج کئے گئے ۔ ۱۰۵منشیات فروشوں کے خلاف پی آئی ٹی این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت کیس درج کرکے انہیں جیل بھیج دیا گیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق شمالی کشمیر میں ۲۰۲۴کے دوران۲۷ء۱۵۵کروڑ روپے مالیت کی ممنوع نشیلی اشیاء جس میں۹۹ء۱۶کلو ہیروئن‘۳۴ء۱۷کلو برؤن شوگر‘۶ء۷۵کلو گرام چرس‘۱۳ء۱۳۳کلو گرام فکی ‘۳ء۱۲کلو گرام ممنوع نشیلی اشیاء اور ۳۳ہزار نشہ آور ادویات کو ضبط کیا گیا ہے ۔
علاوہ ازیں منشیات فروشوں سے منسلک۲۴ء۶کروڑ روپے مالیت کی منقولہ اور غیر منقولہ جائیدادوں کو بھی قرق کیا گیا۔
ڈی آئی جی شمالی کشمیر مقصود الزماں کا کہنا ہے کہ منشیات کے خلاف جنگ میں عوام الناس کو قانون نافذ کرنے والے ادارے کے ساتھ اپنا بھر پور تعاون فراہم کرنا چاہئے تاکہ اس کے تباہ کن نتائج سے سماج کو پرے رکھا جا سکے ۔
زماں نے کہاکہ شمالی کشمیر میں معاشرے سے منشیات کی لعنت کو پوری طرح سے ختم کرنے کی خاطر پولیس کو امسال اہم کامیابیاں مل پائی ہیں۔
ان کے مطابق منشیات کے خلاف ایک طرف جنگ جاری ہے تو دوسری جانب منشیات کی اسمگلنگ سے حاصل کی گئی جائیدادوں کی بھی نشاندہی کا کام شدو مد سے جاری ہے ۔
ڈی آئی جی نے کہاکہ منشیات کے کاروبار میں ملوث افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لانے کے ساتھ ساتھ جرائم میں ملوث تمام افراد کے مالیاتی اثاثوں کی ضبطی کا سلسلہ بھی جاری ہے ۔
زماں نے مزید کہاکہ جموں وکشمیر پولیس سال۲۰۲۵میں نئے چیلنجوں کا سامنا کرنے کیلئے پوری طرح تیار ہے ۔
زماں نے کہاکہ منشیات سے پاک ماحول اور خوشحال معاشرے کی تشکیل کیلئے تمام اسٹیک ہولڈرز کو قانون نافذ کرنے والے ادارے کے ساتھ اپنا دست تعاون فراہم کرنا چاہئے ۔انہوں نے کہاکہ منشیات فروشی سماج کیلئے ناسور ہے لہذا اس کا قلع قمع کرنے کی خاطر ہر ایک کو آگے آنا چاہئے ۔
اس دوران پولیس نے جنوبی ضلع اننت ناگ میں۳؍الگ الگ مقدموں میں ایک کروڑ روپے کی جائیداد منسلک کردی ہے ۔
پولیس ترجمان نے اپنے ایک بیان میں تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ نوشہرہ سریگفوارہ میں بلال احمد راتھر ولد ولی محمد کے رہائشی مکان اور ایک کنال زمین ‘جس کی مالیت۲۰لاکھ روپے ہے ‘کو ضبط کر دیا۔انہوں نے کہا کہ مذکورہ شخص کے خلاف این ڈی پی ایس کے متعلقہ دفعات کے تحت مقدمات درج ہے ۔
اسی طرح کی ایک کارروائی کے دوران پولیس نے سرہامہ سری گفوارہ میں محمد اشرف گنائی ولد محمد رمضان ساکن سرہامہ سریگفوارہ کے رہائشی مکان کو منسلک کردیا ہے ۔
ترجمان کے مطابق آئنو عشمقام میں روف احمد نندا داماد گل محمد تانترے ساکن آئنو عشمقام کے رہائشی مکان جس کی مالیت ۴۰لاکھ روپے ہے کو قرق کیا گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ منشیات کے خلاف جنگ جاری رہے گی اور جوکوئی بھی اس غیر قانونی کاروبار میں ملوث قرار پائے گا اس کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔