ٹرینٹ برج// ٹرینٹ برج میں جمعہ سے انگلینڈ کے خلاف شروع ہونے والے دوسرے ٹیسٹ سے عین قبل نیوزی لینڈ کو بڑا جھٹکا لگا ہے۔
کپتان کین ولیمسن میچ کے موقع پر کورونا سے متاثر پائے گئے جس کے باعث وہ دوسرے ٹیسٹ سے باہر ہو گئے ہیں۔
نیوزی لینڈ کے کپتان ولیمسن کا جمعرات کو ہلکی علامات سامنے آنے کے بعد ریپڈ اینٹیجن ٹیسٹ کرایا گیا، جس میں ولیمسن کے کورونا سے متاثر ہونے کی تصدیق ہوئی۔ متاثر پائے جانے کے بعد ولیمسن کو اب پانچ دن تک آئیسولیشن میں رہناہوگا۔
ولیمسن کی جگہ ٹام لیتھم کو نیوزی لینڈ ٹیم کی کمان سونپی گئی ہے۔ اس کے ساتھ ہی کاؤنٹی کرکٹ کھیلنے والے ہیمش ردرفورڈ کو نیوزی لینڈ اسکواڈ میں شامل کر لیا گیا ہے۔ ولیمسن کی طبیعت ناساز ہونے پر ٹیم کے ہیڈ کوچ گیری اسٹیڈ نے کہا: "ایک اہم میچ سے عین قبل کین کا بیمار ہونا بہت برا ہے۔ میں جانتا ہوں کہ کین خود بہت مایوس ہوں گے۔”
ولیمسن کے علاوہ نیوزی لینڈ دستے کے تمام ارکان کووڈ منفی پائے گئے۔ تاہم یہ پہلا موقع نہیں ہے کہ نیوزی لینڈ کی ٹیم کو کورونا نے اپنی لپیٹ میں لیا ہو۔ اس سے قبل دورے پر نیوزی لینڈ ٹیم کے تین کھلاڑی بلیئر ٹکنر، ہنری نکلس، شین جورگنسن بھی کورونا سے متاثر ہوچکے ہیں۔