جموں//
بارڈر سیکورٹی فورس (بی ایس ایف) کے اہلکاروں نے جمعرات کی علی الصبح ارینہ علاقے میں بین الاقوامی سرحد پر ایک مشتبہ پاکستانی ڈرون پر گولیاں چلائیں جس کے نتیجے میں وہ واپس بھاگ گیا۔
اس واقعے کے فوراً بعد سیکورٹی فورسز نے علاقے میں یہ پتہ لگانے کیلئے بڑے پیمانے پر آپریشن شروع کر دیا ہے کہ کہیں ڈرون نے دھماکہ خیز مواد نہ گرایا ہو۔
بی ایس ایف کے ایک ترجمان نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ جمعرات کی علی الصبح قریب سوا چار بجے ارینہ علاقے میں بین الاقوامی سرحد پر مشتبہ ڈرون کی ڈگمگاتی ہوئی روشنی دیکھی گئی۔
ترجمان نے کہا کہ وہاں تعینات بی ایس ایف اہلکاروں نے فضا میں تین سو فٹ کی اونچائی پر گردش کر رہی اس چیز کی طرف گولیاں چلائیں جس کے نتیجے وہ واپس چلی گئی۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی طرف سے ڈورنز کے ذریعے اسلحہ و گولہ بارود اسمگل کرنے کی کوششوں کو ناکام بنانے کے لئے سیکورٹی فورسز انتہائی چاک وچوبند ہیں۔
بتادیں کہ بی ایس ایف نے اکھنور علاقے میں بین الاقوامی سرحد پر چھ جون کو تین مقناطیسی آئی ای ڈیز کو گولیاں مار کر گرایا تھا جو ایک ڈورن کے ساتھ پے لوڈ کے بطور منسلک تھیں۔