جموں//
چیف منسٹر عمر عبداللہ نے آج سول سیکرٹریٹ میں محکمہ قانون ، انصاف اور پارلیمانی امور کے جائزہ اجلاس کی صدارت کی۔
انہیں عدلیہ کی منظور شدہ تعداد کے بارے میں بریفنگ دی گئی اور جاری مقدمات، ای اسٹیمپنگ، ای کورٹس اور ای کورٹ فیس سسٹم سمیت اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی میں نیشنل ای ودھان ایپلی کیشن (این ای وی اے) کا نفاذ بحث کا ایک اہم نکتہ تھا۔
چیف منسٹر نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ حکومت ہند کی وزارت قانون و پارلیمانی امور کے ساتھ رابطہ کریں تاکہ یہ یقینی بنایا جاسکے کہ جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے آئندہ بجٹ اجلاس سے قبل نیوا کو عملی جامہ پہنایا جائے۔ دیگر اجزاء میں قوانین کی درجہ بندی، قانونی چارہ جوئی کے انچارج افسروں کی تقرری، نوٹیفکیشن کی رائے اور جانچ پڑتال اور۲۳۔۲۰۲۴ میں محکمہ کی کامیابیاں شامل ہیں۔
وزیراعلیٰ نے سرینگر میں۹۰۸کروڑ روپے کی لاگت سے بننے والے نیو ہائی کورٹ کمپلیکس پروجیکٹ کا بھی جائزہ لیا اور پروجیکٹ کی پیشرفت، ٹائم لائن اور مرحلہ وار تکمیل کے بارے میں دریافت کیا۔ انہوں نے اس اہم بنیادی ڈھانچے کی بروقت فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے ڈیڈ لائنز پر عمل کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔
اجلاس میں وزیراعلیٰ کے مشیر ناصر اسلم وانی، چیف سکریٹری اٹل ڈولو، چیف سکریٹری کے ایڈیشنل چیف سکریٹری دھیرج گپتا، سکریٹری قانون اچل سیٹھی، سکریٹری جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی منوج کمار پنڈتا اور دیگر سینئر افسران نے شرکت کی۔ جائزہ اجلاس کے دوران وزیراعلیٰ نے ہائی کورٹ، ماتحت عدالتوں، ایڈوکیٹ جنرل آفس اور قانون ساز اسمبلی کے کام کاج کا جائزہ لیا۔