سرینگر///
صحت کی کابینہ وزیر ‘سکینہ ایتو نے پیر کے روز کہاکہ صحت شعبے میں جو خامیاں ہیں انہیں دور کرنے کی بھر پور سعی کی جارہی ہے ۔
ایتو نے کہاکہ موجودہ سرکار لوگوں کو بہتر طبی سہولیات فراہم کرنے کے اپنے وعدے پر کاربند ہے ۔
ان باتوں کا اظہار سکینہ ایتو نے زڈی بل حلقہ انتخاب میں عوامی دربار سے خطاب کے دوران کیا۔
وزیر صحت نے افسران پر زور دیا کہ وہ عوام دوست انداز اپنائیں اور عوامی مشکلات کے تئیں فوری کارروائی کیا کریں۔
ایتو نے افسران کو ہدایت کی کہ منتخبہ عوامی نمائندوں کے بغیر کوئی بھی کام نہ کیا جائے ۔انہوں نے کہاکہ موجودہ سرکار لوگوں کو بہتر طبی سہولیات فراہم کرنے کی خاطر زمینی سطح پر کام کر رہی ہے ۔
کابینہ وزیر نے لوگوں کویقین دلایا کہ ان کے جائز مطالبات کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی سعی کی جائے گی۔
دربار کا انعقاد مقامی ایم ایل اے اور نیشنل کانفرنس ترجمان اعلیٰ تنویر صادق نے کیا تھا۔
صادق نے کہاکہ بڑے ہسپتالوں، بزرگانِ دین کی دگارہوں، جھیلوں، تاریخی مقامات اور دستکاری کے مرکزوں کے باوجود زیڈی بل سب سے زیادہ پسماندہ حلقہ ہے ، جو حکومت کی توجہ اور تعمیر و ترقی کا تقاضہ کرتا ہے ۔
اس دوران اہم اور کلیدی معاملات زیر غور آئے جن میں ادویات کی دستیابی، عملے کی کمی اور طبی سہولیات تک رسائی شامل ہیں۔ مطالبہ کیا گیاکہ پی ایچ سی زیڈی بل کو ایس ڈی ایچ میں اپ گریڈ کیا جائے اور مختص اراضی پر نئی عمارت جلد تعمیر کی جائے گی۔
اس کے علاوہ میر بحری جیسے ناقابل رسائی علاقوں میں کنٹینر ہسپتالوں اور ہنگامی طبی سہولیات کیلئے ڈل جھیل کے اندرونی حصوں کیلئے ایمبولینس کشتیاں متعارف کرانے کی تجاویزبھی زیر غور آئیں۔
صادق نے مطالبہ کیا کہ پبلک ہیلتھ سینٹروں کی آمدنی کے بہتر استعمال اور شام کے اوقات کیلئے خصوصی کلینکیں متعارف کی جائیں۔اس کے علاوہ انہوں نے ویکسی نیشن سینٹر کی منتقلی اور رعناواری ہسپتال میں بچوں کے بلاک کو مکمل کرنے جیسے مسائل کو بھی اُجاگر کیا۔اس موقعے پر صحت کی دیکھ بھال میں نمایاں بہتری کیلئے چھ ماہ کا ایکشن پلان تجویز کیا گیا۔
صادق نے پرائمری سکولوں کی اپ گریڈیشین کے علاوہ مختلف سکولوں میں تعمیر و ترقی کے کام اور سٹاف کی کمی اور سڑکوں کی کشادگی کے معاملات بھی وزیر کی نوٹس میں لائے ۔ بجلی کی نامعقول سپلائی کے بارے میں بھی وزیر کو آگاہ کیا اور بجلی فیس کے معاملات بھی زیر غور آئے ۔
دربار میں ہاؤس بوٹس اورشکارا والوں کے مسائل بھی زیر غور آئے اور اس شعبے سے تعلق رکھنے والے افراد کو راحت پہنچانے کیلئے اقدامات اٹھانے کی بھی اپیل کی گئی۔
اس دوران سکینہ ایتو نے تمام مسائل ، مشکلات اور مطالبات بغور سُنے اور ان میں سے بیشتر پر عملدرآمد کیلئے موقعے پر ہی احکامات صادر کئے ۔