جموں//
جموں کشمیر کے ضلع پونچھ کے علاقے منڈی میں لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے قریب بارودی سرنگ کے دھماکے میں فوج کا ایک جوان ہلاک ہوگیا۔
عہدیداروں نے بتایا کہ ایل او سی پر گشت کے دوران فوج کے ایک جوان نے حادثاتی طور پر بارودی سرنگ پر قدم رکھا جس کے نتیجے میں دھماکہ ہوا۔
اس واقعہ میں فوج کا ایک جوان (حوالدار) جس کی شناخت ۳۹ سالہ سبھاش کے طور پر ہوئی ہے، شدید زخمی ہو گیا۔ اسے فوری طور پر اسپتال لے جایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دے دیا۔
دریں اثنا پولیس نے اس سلسلے میں ایک مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کردی ہیں۔
ایک پوسٹ میں کہا گیا ہے کہ وائٹ نائٹ کور ۲۵ آر آر کے بہادر حوالدار کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں جنہوں نے۹ دسمبر۲۰۲۴ کو پونچھ کے تھانے دار ٹیکری کے عام علاقے میں بارودی سرنگ کے دھماکے کے بعد علاقے پر غلبہ حاصل کرنے والے گشت کے دوران سب سے بڑی قربانی دی تھی۔
پوسٹ میں مزید کہا گیا’’سوگوار خاندان کے ساتھ ہماری گہری تعزیت۔ ہم دکھ کی اس گھڑی میں ان کے ساتھ ثابت قدمی سے کھڑے ہیں۔‘‘
اس دوران پونچھ میں لائن آف کنٹرول کے نزدیک سیکورٹی فورسز نے پانچ افراد کو دھر دبوچ کر سلاخوں کے پیچھے دھکیل دیا۔
پولیس ذرائع نے بتایا کہ مصدقہ اطلاع موصول ہونے کے بعد سیکورٹی فورسز نے پیر کی صبح پونچھ میں ایل او سی کے نزدیک تلاشی آپریشن شروع کیا۔
ذرائع نے کہاکہ پونچھ کے کھاری، اجوت، دگوار ، پرانی اور جرنالی محلہ علاقوں میں سیکورٹی فورسز نے گھر گھر تلاشی لی جس دوران پانچ افراد جو کہ منشیات کے کاروبار میں ملوث ہیں کی گرفتاری عمل میں لائی گئی ۔
انہوں نے کہاکہ گرفتار شدگان سے پوچھ تاچھ شروع کی گئی اور مزید گرفتاریوں کو خار ج ازا مکان قرار نہیں دیا جا سکتا ۔