نئی دہلی//
رائیڈ ہیلنگ ایپ اوبر نے اپنی ایپ کے ذریعے سرینگر کی ڈل جھیل میں شکارہ کی بکنگ کے ساتھ ہندوستان میں اپنی پہلی واٹر ٹرانسپورٹ سروس کا آغاز کیا ہے۔
کمپنی نے ایشیا میں اپنی نوعیت کی پہلی سروس متعارف کرائی۔
’’اوبر شکارا ٹیکنالوجی اور روایات کو ملانے کی ہماری عاجزانہ کوشش ہے تاکہ مسافروں کو شکارا کی سواری کے لئے ہموار تجربہ فراہم کیا جاسکے‘‘۔ اوبر انڈیا اور جنوبی ایشیا کے صدر پربھجیت سنگھ نے کہا کہ ہمیں کشمیر کے دلفریب منظر نامے میں رسائی بڑھانے اور سیاحت کو فروغ دینے کے لئے اس مثالی تجربے کو تخلیق کرنے پر فخر ہے۔
اوبر کے ایک ترجمان نے تصدیق کی کہ ہندوستان میں اوبر کی واٹر ٹرانسپورٹ سروس بھی ایشیا میں پہلی ہے۔
اوبر اٹلی میں وینس سمیت کچھ یورپی ممالک میں پانی کی نقل و حمل کی بکنگ پیش کرتا ہے۔
ہندوستان میں کمپنی نے ابتدائی طور پر سات شکاروں کو شامل کیا ہے اور سروس کی مانگ کی بنیاد پر آہستہ آہستہ بیڑے کو بڑھانے کا ارادہ رکھتا ہے۔
اوبر صارفین حکومت کے مقرر کردہ نرخوں پر شکارہ بک کراسکیں گے۔کمپنی کے ترجمان نے کہا کہ اوبر اپنے شکارا پارٹنرز سے کوئی فیس نہیں لے رہا ہے اور پوری رقم انہیں منتقل کردی جائے گی۔
اوبر شکارا کی ہر سواری صبح ۱۰ بجے سے شام ۵ بجے کے درمیان ایک گھنٹے کی مدت کے لئے بک کی جاسکتی ہے ، جس میں شکارا گھاٹ نمبر ۱۶ سے ۴ مسافروں کو جانے کی اجازت ہوگی۔
اوبر شکارا کی سواری۱۲ گھنٹے پہلے اور ۱۵ دن پہلے تک بک کی جاسکتی ہے۔
شکارا اونرز ایسوسی ایشن کے صدر ولی محمد بھٹ نے کہا کہ ڈل جھیل میں تقریباً۴ہزار شکارا ہیں اور انہیں امید ہے کہ اوبر مزید شکارا پارٹنرز کو شامل کرے گا۔
بھٹ کاکہنا تھا’’اوبر سروس شکارا آپریٹرز کے کاروبار کو فروغ دے گی کیونکہ یہ ایپ مقررہ نرخوں پر کشتیوں کی بکنگ اور سودے بازی کو ختم کرنے کی سہولت فراہم کرے گی جس سے سیاحوں کو راحت ملے گی۔ بکنگ سے شکارا آپریٹرز کو یقینی آمدنی بھی ملے گی۔ ہمیں امید ہے کہ سیاحوں کے ردعمل کی بنیاد پر مزید شکارا اوبر میں شامل ہوں گے‘‘۔
اوبر پہلے ہی سرینگر میں ٹیکسی سروس بکنگ چلا رہا ہے۔
جموں کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے کہا کہ سرینگر میں اوبر شکارا کا آغاز ظاہر کرتا ہے کہ ٹکنالوجی کس طرح ثقافتی ورثے کو بڑھا سکتی ہے۔
سنہا نے کہا کہ سرینگر میں اوبر شکارا کا آغاز تخلیقی طریقوں کا ثبوت ہے جس سے ٹیکنالوجی ہمارے ثقافتی ورثے کو بہتر بنا سکتی ہے۔’’ آنے والے سیاحتی سیزن میں یہ پیشکش سیاحوں کو شکارا سواری کی لازوال کشش کا تجربہ کرنے کا ایک ہموار طریقہ فراہم کرے گی ، جو جموں و کشمیر کی خوبصورتی کی علامت ہے۔‘‘