برفباری کے بعدبانڈی پورہ گریز شاہراہ بند‘ سرینگر جموں شاہراہ پر ٹریفک کی نقل و حمل جاری
سرینگر//
محکمہ موسمیات کی طرف سے مزید برفباری اور بارشوں کی پیش گوئی کے بیچ شمالی کشمیر کے ضلع بانڈی پورہ کے پہاڑی علاقوں میں ہلکی برف باری ہوئی۔
ادھر وادی میں مطلع ابر آلود رہنے سے شبانہ درجہ حرارت میں بہتری واقع ہوئی ہے جس سے لوگوں کو ٹھٹھرتی سردیوں سے قدرے راحت مل گئی ہے ۔
موسمیات محکمے کے مطابق وادی کے صرف قاضی گںڈ، پہلگام، کونی بل، پلوامہ اور شوپیاں میں شبانہ درجہ حرارت نقطہ انجماد سے نیچے درج ہوا ہے ۔
محکمے کے ایک ترجمان کے مطابق گرمائی دارلحکومت سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت۰ء۱ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت منفی۰ء۱ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
سیاحتی مقام گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی۵ء۰ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت۰ء۰ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
ایک اورمشہور سیاحتی مقام پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت منفی۵ء۱ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت منفی۴ء۳ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
شمالی ضلع کپوارہ میں کم سے کم درجہ حرارت۴ء۳ ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت منفی۴ء۰ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
محکمہ موسمیات کے ایک ترجمان نے بتایا کہ ایک کمزور مغربی ہوا کے داخل ہونے کے نتیجے میں وادی میں۲۹ نومبر کی رات سے۳۰نومبر کی صبح تک پہاڑی علاقوں میں کہیں کہیں ہلکی برف باری جبکہ میدانی علاقوں میں ہکی بارشوں کا امکان ہے ۔انہوں نے کہا کہ وادی میں یکم دسمبر کو بھی موسم جزوی طور پر ابر آلود رہ سکتا ہے اور اس دوران پہاڑی علاقوں میں کہیں کہیں ہلکی برف باری ہوسکتی ہے ۔
ان کا کہنا ہے کہ وادی میں۲دسمبر کی شام سے۳دسمبر کی صبح تک پہاڑی علاقوں میں کہیں کہیں ہلکی برف باری کا امکان ہے جبکہ میدانی علاقوں میں ہلکی بارشیں ہوسکتی ہیں۔
ترجمان نے کہا کہ وادی میں۴سے۷دسمبر تک موسم مجموعی طور پر خشک رہ سکتا ہے جبکہ بعد میں۸؍اور۹دسمبر کو بھی پہاڑی علاقوں میں کہیں کہیں ہلکی برف باری کا امکان ہے ۔
محکمے نے اپنی ایڈوائزری میں سیاحوں، مسافروں اور ٹرانسپورٹروں سے ٹریفرک ایڈوائزری پر چلنے کا مشورہ دیا۔
اس دوران راز دان ٹاپ پر تازہ برف باری کے باعث بانڈی پورہ ، گریز روڈ پر ٹریفک کی نقل و حمل روک دی گئی ہے ۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ راز دان ٹاپ پر تازہ برف باری کے باعث بانڈی پورہ ، گریز روڈ پر ٹریفک کی نقل و حمل احتیاطی طور پر روک دی گئی ہے ۔انہوں نے ڈرائیور حضرات سے اگلے احکامات تک اس روڈ پر سفر کرنے سے گریز کرنے کو کہا ہے ۔
ادھر وادی کشمیر کو ملک کے باقی حصوں کے ساتھ جوڑنے والی سری نگر، جموں قومی شاہراہ پر ٹریفک کی نقل و حمل حسب معمول جاری ہے ۔
حکام نے ڈرائیور حضرات سے لین ڈسپلن کا خیال رکھنے کی تاکید کی ہے نیز مسافروں سے کہا گیا ہے کہ وہ قومی شاہراہ پر دن کے دوران ہی سفر کریں اور چٹانیں یا مٹی کے تودے کھسکنے کے خطرات کے پیش نظر بانہال اور رام بن کے درمیان غیر ضروری طور پر رکنے سے احتراز کریں۔
جنوبی کشمیر کے ضلع شوپیاں کو صوبہ جموں کے راجوری اور پونچھ اضلاع سے جوڑنے والے تاریخی مغل روڈ پپر بھی ٹریفک کی نقل و حمل جاری ہے ۔
تاہم وادی کو لداخ یونین ٹریٹری سے جوڑنے والی سری نگر ، لیہہ شاہراہ پر پھسلن ہے اور بیکن حکام کی طرف سے اجازت کے بعد ہی اس پر ٹریفک کو بحال کیا جائے گا۔