اننت ناگ//
صحت اور طبی تعلیم ، سماجی بہبود اور تعلیم کی وزیر سکینہ ایتو نے آج اننت ناگ کا دورہ کیا اور ترقیاتی سرگرمیوں اور ضلع بھر میں جاری مختلف اسکیموں پر عمل آوری پر پیش رفت کا جائیزہ لینے کیلئے منعقدہ ایک میٹنگ کی صدارت کی ۔
میٹنگ کے دوران وزیر نے مختلف جاری منصوبوں کی پیش رفت پر تفصیلی غور و خوض کیا اور اس کے ساتھ ساتھ مختلف استفادہ کنندگان پر مبنی اسکیموں کے نفاذ پر پیش رفت کا جامع جائزہ لیا ۔
میٹنگ کے دوران افسران سے خطاب کرتے ہوئے وزیر نے اس بات پر زور دیا کہ عمر عبداللہ کی قیادت میں موجودہ نظام نچلی سطح پر عوام کے مسائل اور شکایات کو دور کرنے کیلئے پرعزم ہے ۔
سکینہ نے کہا کہ ہماری حکومت عوام کیلئے ہے اور ہم ان کے مسائل کو حل کرنے کیلئے پرعزم ہیں ۔ انہوں نے افسران پر زور دیا کہ وہ عوامی شکایات کا فوری ازالہ کریں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ لوگوں کو ہر سطح پر سہولت فراہم کی جائے ۔
وزیر نے ضلعی انتظامیہ پر زور دیا کہ وہ منتخب نمائندوں کو پراجیکٹ پلاننگ اور ضلع بھر میں سکیموں کے نفاذ میں شامل کریں ۔
سکینہ نے افسران سے یہ بھی کہا کہ آنے والے سردیوں کے موسم کے پیش نظر خاص طور پر دور دراز علاقوں میں بالن ، برف صاف کرنے کا سامان ، راشن آئٹمز ، رسوئی گیس اور دیگر ضروری سامان ذخیرہ کیا جائے ۔
وزیر نے میٹنگ کے دوران دیگر محکموں جیسے صحت ، اعلیٰ تعلیم ، سکول ایجوکیشن ، خوراک ، سول سپلائیز اینڈ کنزیومر افئیرز ، پبلک ورکس ڈیپارٹمنٹ ( سڑکوں اور عمارتوں ) ، جل شکتی ، دیہی ترقی ، کے پی ڈی سی ایل سمیت دیگر محکموں کے کام کا بھی جائیزہ لیا ۔ انہوں نے آئی سی ڈی ، پوشن ابھیان ، نیشنل سوشل اسسٹینس پروگرام ( این ایس اے پی ) ، چائلڈ ہیلپ لائن سروسز جیسی اسکیموں کی پیش رفت کا بھی جائزہ لیا ۔
میٹنگ کے دوران ڈپٹی کمشنر اننت ناگ نے وزیر کو ایک تفصیلی پریذنٹیشن پیش کی جس میں مختلف ترقیاتی اور انفراسٹرکچر کی ترقی اور اسکیموں کے بارے میں بتایا گیا ۔
قبل ازیں وزیر نے سماجی بہبود کے محکمے کے مستفیدین میں سماعت کے آلات ، وہیل چئیرز اور واکنگ ایڈز تقسیم کیں ۔
دریں اثنا سکینہ ایتو نے آج اننت ناگ کے شمسی پورہ گاؤں کا دورہ کیا اور مقامی لوگوں کے مسائل کو حل کرنے کیلئے عوامی شکایات کے ازالہ کیمپ کی صدارت کی ۔
اس موقع پر ایم ایل اے اننت ناگ ویسٹ عبدالمجید لارمی ، ڈائریکٹر سکول ایجوکیشن اور مختلف شعبہ جات کے اعلیٰ افسران بھی موجود تھے ۔
عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے سکینہ ایتو نے روشنی ڈالی کہ موجودہ حکومت عوام الناس کو ترقیاتی عمل کا حصہ بنانے کیلئے باقاعدگی سے جلسے کر رہی ہے ۔ انہوں نے عوام پر زور دیا کہ وہ آگے آئیں اور اپنے اپنے علاقوں کی منصوبہ بندی کے عمل میں حصہ لیں تا کہ ترقیاتی منصوبوں کو ان کی مقامی ضروریات کے مطابق انجام دیا جا سکے ۔
کیمپ کے دوران سکینہ ایتو نے لوگوں کی شکایات کو غور سے سُنا اور انہیں حل کرنے کی یقین دہانی کرائی ۔ ان وفود اور افراد نے جو مسائل اٹھائے ان میں این ٹی پی ایچ سی کی فعالیت ، شمسی پورہ میں ہائی اسکول کی ڈی لنکنگ اور اپ گریڈیشن ، اہم شمسی پورہ ۔ بٹینگو روڈ کی توسیع اور میکانائیزیشن ، مقامی سٹیڈیم میں فلڈ لائٹس کی تنصیب اور دیگر عوای اہمیت کے حامل پروجیکٹ وغیرہ شامل ہیں۔