سرینگر//
محکمہ موسمیات نے جموں کشمیر میں ۳۰ نومبر سے یکم دسمبر تک ہلکی برفباری اور بارش کی پیش گوئی کی ہے۔
محکمہ موسمیات جموںکشمیر کے ڈائریکٹر ڈاکٹر مختار احمد نے کہا کہ۲۰ نومبر کی شام سے یکم دسمبر تک علاقے میں ایک مغربی گڑبڑ کا امکان ہے ، جس کے نتیجے میں ہلکی برف باری اور بارش کا امکان ہے۔
مختار احمد نے کہا’’ہم ۳۰ نومبر کی شام سے یکم دسمبر تک جموں کشمیر میں ہلکی برف باری اور بارش کی توقع کر رہے ہیں۔اس سے علاقے میں طویل خشک سالی کا خاتمہ ہوگا اور لوگوں کو راحت ملے گی‘‘۔
محکمہ موسمیات نے وادی کشمیر کے بالائی علاقوں بشمول گلمرگ، سونمرگ اور پہلگام میں ہلکی برفباری کی پیش گوئی کی ہے جبکہ میدانی علاقوں میں ہلکی بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے لوگوں کو خراب موسم کے دوران ضروری احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دیا ہے۔
اس دوران کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں برفباری اور میدانی علاقوں میں ہلکی بارشوں کے بعد موسم میں گرچہ بہتری واقع ہوئی ہے تاہم شبانہ درجہ حرارت میں گراوٹ درج ہونے سے سردیوں کا زور جاری ہے ۔
محکمہ موسمیات کے ایک ترجمان کے مطابق وادی کشمیر کے سیاحتی مقام گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی۴ء۲ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے۵ء۰ڈگری سینٹی گریڈ کم ریکارڈ ہوا تھا۔
ایک اور سیاحتی مقام پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت منفی۳ء۲ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت منفی۷ء۱ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
سرینگر میں کم سے کم درجہ حرارت۰ء۴ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت۸ء۴ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
شمالی ضلع کپوارہ میں کم سے کم درجہ حرارت۲ء۱ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ گیٹ وے آف کشمیر کے نام سے مشہور قصبہ قاضی گنڈ میں کم سے کم درجہ حرارت۰ء۵ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے ۔
محکمہ موسمیات کے مطابق وادی میں۲۵ نومبرسے۳۰نومبر تک موسم مجموعی طورپر خشک رہنے کا امکان ہے ۔انہوں نے کہا کہ ۳۰نومبر کی شام سے یکم دسمبر کی سہ پہر تک ایک بار پھر پہاڑی علاقوں میں کہیں کہیں ہلکی برف باری جبکہ میدانی علاقوں میں کہیں کہیں ہلکی بارشوں کا امکان ہے ۔
ان کا کہنا تھا کہ بعد میں پانچ دسمبر تک موسم ایک بار پھر خشک رہنے کی توقع ہے ۔