جموں//
جموںکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کا کہنا ہے کہ ماتا ویشنو دیوی گنڈولہ پروجیکٹ کے خلاف احتجاج کرنے والے لوگوں کے تحفظات کا خیال رکھا جائے گا۔
سنہا نے کہاکہ اتفاق رائے قائم کرنے کی خاطر صوبائی کمشنر جموں نے تمام فریقین کے ساتھ بات چیت کی ہے ۔
ان باتوں کا اظہار ایل جی نے جموں میں نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران کیا۔
کٹرا میں میں روپ وے کے خلاف جاری احتجاج کے بارے میں پوچھے گئے سوال کے جواب میں ایل جی منوج سنہا نے کہاکہ اس حوالے سے تمام فریقین کو اعتماد میں لیا جائے گا۔انہوں نے کہاکہ شری ماتا ویشنو دیوی شرائن بورڈ لوگوں کے تحفظات کا ہر صورت میں خیال رکھے گا ۔
لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے کہاکہ ماتا ویشنو دیوی روپ وے پروجیکٹ کی تعمیر کے دوران ہر کسی کے روزگار کا خیال رکھا جائے گا۔انہوں نے مزید بتایا کہ اس حوالے سے سرکار نے پہلی ہی ایک کمیٹی تشکیل دی ہے تاکہ وہ تمام فریقین کے ساتھ بات چیت کرئے ۔
جموں میں سیاحتی شعبے کو مزید فروغ دینے کا ارادہ ظاہر کرتے ہوئے لیفٹیننٹ گورنر نے کہاکہ اس حوالے سے زمینی سطح پر اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔
ایل جی نے کہاکہ جموں صوبے میں مختلف پروجیکٹوں پر کام اس وقت سرعت کے ساتھ جاری ہے اور مرکزی سرکار بھی بھر پور مالی معاونت فراہم کررہی ہے ۔انہوں نے کہاکہ جموں میں جتنے بھی مندر اور سیاحتی مقامات ہیں وہاں پر امسال مقامی اور غیر مقامی سیاحوں کی تعداد میں اضافہ دیکھنے کو ملا ہے ۔
اس دوران کٹرا میں مجوزہ روپ وے پروجیکٹ پر بڑے پیمانے پر احتجاج پیر کے روز اس وقت ختم کر دیا گیا جب حکام نے مقامی لوگوں کو یقین دلایا کہ وہ ’باہمی‘ قابل قبول حل تلاش کرنے کے لئے کام کریں گے۔
واضح رہے کہ کٹرا میں روپ وے کی تعمیر کو لے کر مقامی لوگوں کا احتجاج جار ی ہے جبکہ اس دوران مظاہرین نے پولیس پر پتھراؤ بھی کیا۔
اطلاعات کے مطابق ماتا ویشنو دیوی گنڈولہ پروجیکٹ کی تعمیر کے خلاف پیر کے روز کٹرا میں لوگوں کی ایک بڑی تعداد نے احتجاج کیا اور انتظامیہ کے خلاف نعرے بازی کی۔
معلوم ہوا ہے کہ مظاہرین نے پولیس پر پتھراؤ کیا جبکہ دو پولیس اہلکار لوگوں کے ہتھے بھی چڑھ گئے ۔ کسی بھی ناخوشگوار واقعے کو ٹالنے کی خاطر کٹرا میں اضافی اہلکاروں کی تعیناتی عمل میں لائی گئی ہے ۔
اس سے قبل مظاہرین نے نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران کہاکہ ایک منصوبہ بند سازش کے تحت روپ وے پروجیکٹ کی تعمیر کا کام شروع کیا جارہا ہے ۔
انہوں نے کہاکہ گنڈولہ کی تعمیر سے دکانداروں اور ریڈیاں لگانے والوں کا کام کاج ٹھپ ہو کررہ جائے گا۔
مظاہرین نے انتظامیہ کو متنبہ کرتے ہوئے کہاکہ اس فیصلے کو واپس لیا جائے بصورت دیگر احتجاج کا دائرہ وسیع کیا جائے گا۔
بتادیں کہ مرکزی حکومت نے ماتا ویشنو دیوی یاتریوں کی سہولیت کیلئے۲۵۰کروڑ روپے لاگت سے روپ وے پروجیکٹ کی تعمیرکو ہری جھنڈی دکھائی ہے ۔