سری نگر//
حکومت نے جموں کشمیر میں جدید طبی نگہداشت کی خدمات تک رسائی کو بہتر بنانے کی سمت میں ایک اہم قدم اٹھاتے ہوئے آج سکمز( ایس کے آئی ایم ایس ) کے علاوہ محکمہ صحت و طبی تعلیم کے تمام سرکاری ہسپتالوں اور صحت اِداروں کے لئے پی ای ٹی سکین اور سی بی سی ٹی مشین چارجز کی سرکاری شرحوں کا اعلان کیا۔
محکمہ صحت و طبی تعلیم کی طرف سے جاری کردہ سرکاری حکمنامے کے مطابق پی ای ٹی سکین پورے جسم کے لئے فی سکین وٹیسٹ کی قیمت دس ہزارروپے، پی اِی ٹی سکین کارڈیک میٹابولزم کیلئے ۴ہزار‘پی اِی ٹی گائیڈڈ بائیوپسی کیلئے۱۲۰۰ روپے‘ باہر سے پی اِی ٹی سکین ریویو کیلئے۶۰۰ روپے اور سی بی سی ٹی مشین کیلئے۱۲۰۰ روپے فی ٹیسٹ فیس ہے۔
حکومت کی جانب سے یہ اہم قدم مریضوںبالخصوص معاشی طور پر پسماندہ پس منظر سے تعلق رکھنے والے اَفراد کو زیادہ سستی تشخیصی خدمات فراہم کرنے کے مقصد سے اُٹھایا گیا ہے۔