سرینگر//
پی ڈی پی کی صدر محبوبہ مفتی نے کشتواڑ میں پیش آئے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہاکہ مستقبل میں اس طرح کے واقعات کو روکنے کی خاطر احتساب کو یقینی بنایا جائے ۔
محبوبہ نے الزامات کا نوٹس لیتے ہوئے جمعہ کو ’ایکس‘پر اپنے پوسٹ میں کہا’’کشتواڑ سے شدید تشدد کے الزامات سامنے آئے ہیں جو ہمیں اس سال کے شروع میں بفلیاز سرنکوٹ میں پیش آنے والے پریشان کن واقعات کی یاد دلا رہے ہیں‘‘۔
پی ڈی پی کی صدر نے کہا’’سجاد احمد، عبدالکبیر، مشتاق احمد اور معراج الدین جو سب کاتھ گاؤں کے رہنے والے ہیں، کو پوچھ گچھ کے لیے فوجی کیمپ میں بلایا گیا جہاں ان پر مبینہ طور پر جسمانی تشدد کیا گیا‘‘۔
سابق وزیر اعلیٰ کا پوسٹ میں کہنا تھا’’میں حکومت پر زور دیتی ہوں کہ وہ ملوث افراد کے خلاف فوری کارروائی کرے تاکہ احتساب کو یقینی بنایا جا سکے اور انسانی حقوق کی ایسی گھناونی خلاف ورزیوں کو مستقبل میں دوبارہ ہونے سے روکا جا سکے ‘‘۔
فوج کی وائٹ نائٹ کور نے گذشتہ شام ’ایکس‘پر اپنے ایک پوسٹ میں کہا’’کشتواڑ سیکٹر میں دہشت گردوں کے ایک گروپ کی نقل و حمل کے بارے میں انٹلی جنس بنیاوں پر اطلاع موصول ہونے پر فوج کی راشٹریہ رایفلز نے ۲۰نومبر کو علاقے میں آپریشن شروع کیا‘‘۔
فوج نے کہا’’آپریشن کے دوران عام شہریوں کے ساتھ مبینہ نا روا سلوک کرنے کے کچھ رپورٹس سامنے آئے ہیں‘‘۔
پوسٹ میں کہا گیا’’حقائق کو جاننے کیلئے تحقیقات شروع کی جا رہی ہے اور ضروری اقدام کو یقینی بنایا جائے گا۔‘‘