لکھنؤ//) سماج وادی پارٹی(ایس پی) سربراہ اکھلیش یادو نے الزام لگایا ہے کہ اسمبلی ضمنی الیکشن میں پولیس انتظامیہ ایس پی حامیوں کو ووٹ دینے سے روک رہی ہے اور ایسے میں الیکشن کمیشن کو مداخلت کرنے کی ضرورت ہے ۔
یادو نے بدھ کو یہاں میڈیا نمائندوں سے بات چیت میں کہا کہ کانپور کے سیسا مئو سمیت کچھ دیگر اسمبلی حلقوں میں پولیس رائے دہندگان کے شناختی کارڈ دیکھ رہی ہے اور انہیں ووٹ دینے سے روکا جارہا ہے جو غیر جمہوری ہے ۔
انہوں نے رائے دہندگان سے اپیل کی کہ وہ اپنے ووٹوں کا استعمال ضروری کریں اور تب تک پولنگ سنٹروں ُر جائے جب تک انہیں ووٹ ڈالنے کی اجازت نہیں دی جاتی۔
ایس پی صدر نے ایکس پر بھی لکھا’ اترپردیش میں جن رائے دہندگان کو پولیس انتظامیہ کے ذریعہ ووٹ ڈالنے سے روکا گیا ہے ۔ وہ ایک بار پھر سے ووٹ ڈالنے جائیں ۔ اس انتخابی گڑبڑی کی اطلاع ہر طرح پھیل گئی ہے ۔ الیکشن کمیشن بھی سرگرم ہوگیا ہے اور اب اس کی طرف سے یہ تیقن مل رہا ہے کہ جن لوگوں کو ووٹ ڈالنے سے روکا گیا ہے ۔ وہ ایک بار پھر سے جائیں اور اپنا ووٹ ضرورڈالیں۔
اب کوئی گڑبڑی نہیں ہونے دی جائے گی۔ اگر پھر سے کوئی روکے تو آپ وہاں موجود الیکشن کمیشن کے افسران یا سیاسی پارٹیوں کے لوگوں کو مطلع کریں یا الیکشن کمیشن سے سیدھی شکایت کریں۔ الیکشن کمیشن سے ملے اس تیقن کے لئے شکریہ۔
یادو نے کہا کہ بی جے پی حکومت کے اشارے پر مسلم اکثریتی علاقوں میں چنندہ پولیس افسران کی تعیناتی کی گئی ہے ۔ اور ان افسران کی فہرست ان کے پاس ہے ۔ بی جے پی کی حکومت جانے کے بعد ایسے پولیس افسران کو دیکھا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ انتظامیہ و پولیس کے بے ایمان افسران بخشے نہیں جائیں گے ۔ ان کے ویڈیو شواہد ان کے خلاف قانونی کاروائی کی بنیاد بنیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر الیکشن کمیشن کا کوئی جیتا۔جاگتا وجود ہے تو وہ زندہ ہوکر انتظامیہ کے ذریعہ ووٹنگ کی حوصلہ افزائی کرنے کے لئے فورا کاروائی کو یقینی کریں۔
ایس پی صدر نے کہا کہ لوگوں کی آئی ڈی پولیس چیک نہ کرے ۔ راستے بند نہ کئے جائیں۔ووٹرس کے آئی ڈی ضبط نہ کئے جائیں۔ اصلی آئی ڈی کو نقلی آئی ڈی بتا کر جیل میں ڈالنے کی دھمکی نہ دی جائے ۔ ووٹنگ کی رفتار کم نہ کی جائے ۔ وقت برباد نہ کیا جائے ۔ ضرورت پڑنے پر ووٹنگ کا ٹائم بڑھایا جائے ۔ انتظامیہ حکومت کا نمائندہ نہ بنے ۔
انتخابی گڑبڑی کی سبھی ویڈیو ریکارڈنگ کا رئیل ٹائم نوٹس لے کر فورا بے ایمان افسران ہٹائے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ جو بھی پولیس افسر ووٹر کارڈ اور آدھار آئی ڈی چیک کررہے ہیں۔ انہیں ویڈیو کی بنیاد پر فورا معطل کیا جائے ۔ پولیس کو آدھار کارڈ یا شناختی کارڈ جانچ کرنے کا کوئی حق نہیں ہے ۔