سرینگر//
سری نگر کے راج باغ علاقے میں جمعرات کو آتشزدگی کی ایک واردات میں ایک سکولی عمارت کو نقصان پہنچا تاہم بچوں اور عملے کو بہ صحیح سلامت بچا لیا گیا۔
محکمہ فائر اینڈ ایمرجنسی کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ راج باغ میں جمعرات کو مسلم پبلک اسکول عمارت کی چھت سے آگ نمودار ہوئی جس کے شعلوں نے عمارت کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔
عہدیدار نے کہا کہ اطلاع موصول ہوتے ہی فائر ٹنڈرس جائے موقع پر پہنچ گئے اور آگ بجھانے کی کارروائیوں میں جٹ گئے ۔ان کا کہنا تھا کہ بچوں اور دیگر عملے کو بحفاظت باہر نکالا گیا۔
عہدیدار نے کہا کہ فائر ٹنڈرس کی گاڑیاں اور عملہ ابھی جائے واردات پر ہی موجود ہے اور آگ لگنے کی وجوہات معلوم کی جا رہی ہیں۔
وزیربرائے تعلیم ، سماجی بہبود اور صحت و طبی تعلیم سکینہ مسعود نے آج مسلم پبلک ہائی سکول راجباغ کا دورہ کیا جس میں آگ لگنے سے سکولی عمارت کو شدید نقصان پہنچاتھا۔
وزیر کے ہمراہ ممبر قانون سازاسمبلی لال چوک شیخ احسان پردیسی،ضلع ترقیاتی کمشنر سری نگر، پرنسپل مسلم پبلک ہائی سکول اور فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز ڈیپارٹمنٹ، پولیس اور دیگر متعلقہ ایجنسیوں کے اَفسران بھی تھے۔
ایتو نے اَپنے دورے کے دوران متاثرہ علاقے کا معائنہ کیا، نقصانات کا جائزہ لیا اور سکول اِنتظامیہ اور مقامی اَفسران سے فوری ضروریات اور بحالی کے منصوبوں کے بارے میں بات کی۔
خاتون وزیر نے سکول کی تعمیر نو کی کوششوں میں مدد کرنے اور اِس بات کو یقینی بنانے کیلئے حکومت کے عزم پر زور دیا کہ طلبا جلد از جلد اَپنی تعلیم دوبارہ شروع کرسکیں۔
اِیتو نے فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز کی فوری کارروائی کی بھی سراہنا کی جن کی کوششوں سے آگ پر قابو پانے اور مزید نقصانات کو روکنے میں مدد ملی۔ اُنہوں نے سکول اِنتظامیہ کو تعلیمی سہولیات کی بحالی اور مستقبل میں اس طرح کے پیش آنے والے واقعات کی روکتھام کے لئے حفاظتی خدشات کو دور کرنے میں محکمہ کی مدد کا یقین دِلایا۔