نئی دہلی// پیرا اولمپک چیمپئن رائفل شوٹر اونی لیکھارا کی فرانس میں منعقد ہونے والے چیٹوروکس 2022 ڈبلیو ایس پی ایس ورلڈ کپ میں شرکت کی امیدیں ہندوستانی پیرا شوٹنگ دستے کا ویزا نہ ملنے کے بعد ٹوٹ گئیں۔
لیکھارا نے ہفتے کے روز کھیلوں کے حکام سے مدد طلب کی تاکہ وہ اپنے اسکارٹ اور کوچ کے لیے ویزا یقینی بنائیں، کیونکہ انہیں 4 جون سے فرانس میں شروع ہونے والے ورلڈ کپ میں شرکت کرنی تھی۔
انہوں نے ٹویٹ کیا ’’میں دکھی ہوں، فرانس نہیں جا سکا کیونکہ میری اسکورٹ شویتا جیوریا اور میرے کوچ راکیش منپت کو ویزا جاری نہیں کیا گیا۔ 7 جون کا میچ میرے لیے اہم ہے۔ کیا کوئی مدد کر سکتا ہے؟‘‘
اسپورٹس اتھارٹی آف انڈیا نے لیکھارا کے جواب میں ٹویٹ کیا ’’یہ بدقسمتی کی بات ہے کہ فرانس جانے والی ہندوستانی پیرا شوٹنگ ٹیم کو کوئی ویزا نہیں دیا گیا ہے۔ نوجوانوں ا ور کھیلوں کی وزارت اور وزارت خارجہ کی جانب سے تمام ویزوں کے حصول کے لیے تمام کوششیں کی گئیں لیکن بدقسمتی سے اس بار یہ کوششیں کامیاب نہیں ہوسکیں۔
دو پیرالمپکس تمغے جیتنے والی پہلی ہندوستانی خاتون بن کر تاریخ رقم کرنے والی 20 سالہ رائفل شوٹر کو 2021 میں باوقار کھیل رتن ایوارڈ سے نوازا گیا۔
لیکھارا ٹوکیو 2021 میں 10 میٹر ایئر رائفل اسٹینڈنگ ایس ایچ 1 ایونٹ میں اعلیٰ اعزاز جیت کر پیرا اولمپک گولڈ جیتنے والی پہلی خاتون بن گئیں۔ اس کے علاوہ انہوں نے 50 میٹر رائفل 3 پوزیشنز ایس ایچ 1 ایونٹ میں کانسی کا تمغہ بھی جیتا تھا۔