سرینگر//
شمالی ضلع بارہمولہ کے بوٹہ پتھری علاقے میں ملی ٹینٹوں نے فوجی گاڑی پر گھات لگا کر حملہ کیا جس کے نتیجے میں دو مقامی پورٹر اور دو فوجی ہلاک جبکہ تین دیگر زخمی ہوئے ہیں۔
اطلاعات کے مطابق جمعرات شام دیر گئے گلمرگ میں ایل او سی کے نزدیک بوٹہ پتھری علاقے میں تاک میں بیٹھے ملی ٹینٹوں نے فوج کی ایک گاڑی پر گھات لگا کرحملہ کیا جس کے نتیجے میں گاڑی میں سوار پانچ اہلکار اور دو پورٹر شدید طورپر زخمی ہوئے ۔
معلوم ہوا ہے کہ زخمیوں کو علاج ومعالجہ کی خاطر نزدیکی ہسپتال منتقل کیا گیا تاہم ڈاکٹروں نے دو فوجی اہلکار اور دو پورٹروں کو مردہ قرار دیا۔
ذرائع نے بتایا کہ حملے میں زخمی ہوئے تین فوجی جوانوں کی بھی حالت تشویشناک بنی ہوئی ہے ۔
باوثوق ذرائع کے مطابق سیکورٹی فورسز نے جائے وقوع کے اردگرد علاقوں کو محاصرے میں لے کر حملہ آوروں کی بڑے پیمانے پر تلاش شروع کی ہے ۔
پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ بارہ مولہ کے بوٹہ پتھری علاقے میں سیکورٹی فورسز اور ملی ٹینٹوں کے مابین گولیوں کا تبادلہ ہوا ، اور اس حوالے سے مزید تفصیلات کا انتظار ہے ۔
سرینگر نشین دفاعی ترجمان نے بھی حملے کی تصدیق تو کی تاہم جانی نقصان کے بارے میں کچھ بھی کہنے سے انکار کیا۔
علاوہ ازیں گلمرگ میں ایل او سی کے نزدیک ہوئے حملے کے بعد سرحدی علاقوں میں سیکورٹی فورسز کو ہائی الرٹ پر رہنے کے احکامات صادر کئے گئے ہیں۔
گگن گیر حملے کے بعد آج صبح ترال میں بھی ایک غیر مقامی مزدور پر ملی ٹینٹوں نے حملہ کیا اور شام دیر گئے گلمرگ میں فوجی کانوائی پر حملے کے بعد وادی کشمیر میں سیکورٹی صورتحال کا از سر نو جائز ہ لیا جارہا ہے ۔
اس دوران وزیر اعلیٰ‘ عمر عبداللہ نے اس واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے اسے افسوسناک قرار دیا ہے۔
عمر نے کہا کہ شمالی کشمیر کے بوٹہ پتھری علاقے میں فوج کی گاڑیوں پر حملے کی انتہائی افسوسناک خبر ملی ہے جس کے نتیجے میں کچھ افراد ہلاک اور زخمی ہوئے ہیں۔
ان کے مطابق’’ کشمیر میں حالیہ حملوں کا سلسلہ سنگین تشویش کا باعث ہے۔ میں اس حملے کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کرتا ہوں اور اپنی جانیں گنوانے والے لوگوں کے پیاروں سے تعزیت کرتا ہوں۔ میں زخمیوں کی مکمل اور جلد صحت یابی کے لیے بھی دعا گو ہوں۔‘‘
ادھر پی ڈی پی صدر محبوبہ مفتی نے بارہ مولہ میں فوجی کانوائی پر ہوئے حملے کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے ۔
اطلاعات کے مطابق محبوبہ مفتی نے بارہ مولہ میں ہوئے ملی ٹینٹ حملے کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے زخمی اہلکاروں کی جلد صحت یابی کے لئے دعا کی۔
پی ڈی پی صدر نے زخمی فوجیوں کی جلد صحت یابی کے لئے دعا کی ۔