جموں//
سیکورٹی فورسز نے ملی ٹنٹوں کے ساتھ گولیوں کے مختصر تبادلے کے بعد جموں و کشمیر کے ضلع پونچھ کے گرسائی علاقے کوجمعرات کی صبح محاصرے میں لے کر وسیع پیمانے پر تلاشی آپریشن شروع کر دیا ہے ۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ ملی ٹنٹوں کے چھپنے کے بارے میں اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے سیکورٹی فورسز نے بدھ کی شام گرسائی کے مہرا شاستر علاقے کو محاصرے میں لے کر تلاشی آپریشن شروع کر دیا۔
ذرائع نے کہا’’اس دوران وہاں چھپے ملی ٹنٹوں نے تلاشی ٹیم پر گولیاں چلائیں، جوانوں نے اس کا جواب دیا جس کے نتیجے میں طرفین کے درمیان مختصر تصادم چھڑ گیا‘‘۔
ان کا کہنا ہے’’ملی ٹنٹوں کی تلاش کیلئے جمعرات کی صبح تلاشی آپریشن دوبارہ شروع کر دیا گیا‘‘۔
ذرائع نے بتایا کہ سیکورٹی فورسز نے ڈرون اور سونگھنے والے کتوں کو تعینات کر دیا ہے جبکہ صبح ایک ہیلی کاپٹر کو بھی جنگلاتی علاقے میں منڈلاتے ہوئے دیکھا گیا۔انہوں نے کہا کہ علاقے کو پوری طرح سے گھیرا گیا ہے فورسز کی مزید کمک کو طلب کیا گیا ہے ۔