کوپن ہیگن// ہندوستانی بیڈمنٹن کھلاڑی پی وی سندھو نے جمعرات کو ڈنمارک اوپن 2024 کے راؤنڈ آف 16 میں چین کی ہان یو کو شکست دے کر کوارٹر فائنل میں جگہ بنالی۔
آج یہاں کھیلے گئے میچ میں دو مرتبہ کی اولمپک تمغہ یافتہ پی وی سندھو نے چینی کھلاڑی کو 63 منٹ تک جاری رہنے والے مقابلے میں 18-21، 21-12، 21-16 سے شکست دی۔ پی وی سندھو کی چین کی ہان یو کے خلاف یہ ساتویں جیت ہے۔
ہندوستانی شٹلر پی وی سندھو نے پہلے گیم میں 18-21 سے ہارنے کے بعد واپسی کی اور دوسرے گیم میں شاندار آغاز کرتے ہوئے برتری حاصل کر کے چینی شٹلر کے خلاف بریک سے پہلے11-6 کی برتری حاصل کرتے ہوئے اپنی گرفت مضبوط بنالی۔ بریک کے بعد بھی سندھو نے اپنا یہ سلسلہ جاری رکھا اور دنیا کی ساتویں نمبر کی کھلاڑی کو 21-12 کے اسکور سے شکست دے کر میچ 1-1 سے برابر کردیا۔
تیسرا اور فیصلہ کن کھیل کافی سنسنی خیز رہا۔ سندھو نے کھیل کا آغاز 2-1 کی برتری کے ساتھ کیا۔ اس کے بعد چین کے شٹلر نے بھی واپسی کی اور کچھ پوائنٹس حاصل کر کے گیم 7-7 سے برابر کر دیا۔ یہاں سے، ہندوستانی شٹلرز پر دباؤ واضح طور پر نظر آرہا تھا کیونکہ چین کے ہان یو نے دو پوائنٹس کی اہم برتری حاصل کرلی تھی۔
اس میچ کو جیتنے کے لیے سندھو کو کھیل میں برتری حاصل کرنے کی ضرورت تھی اور انہوں نے پہلے اسکور کو 11-11 سے برابر کیا اور پھر رفتار کو دوبارہ حاصل کیا اور چینی شٹلر کو بیک فٹ پر دھکیلتے ہوئے 19-16 کی برتری حاصل کی۔ اس کے بعد سندھو نے لگاتار دو پوائنٹس حاصل کرکے میچ 2-1 سے جیت لیا۔