تو صاحب وہ دن آہی گیا جس دن دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی الگ ہو جائیگا… بالکل الگ ۔تمام دعوے تاش کے پتو ںکی طرح بکھر جائیں گے جب ان کا حقیقت سے آمنا سامنا ہو جائیگا ۔اور حقیقت کیا ہو گی گرچہ ایگزٹ پول نے اس کی طرف اشارہ کردیا ہے اور… اور نہ جانے ہمیں کیوں لگ رہاہے کہ اب کی بار ایگزٹ پول کسی حدتک صحیح بھی ثاہت ہو جائیں گے… اور اگر ایسا ہوا تو… تو صرف ایک جماعت ‘ صرف ایک سیاستدان کا دعویٰ بالکل صحیح ثابت ہو جائیگا اور… اور وہ سیاستدان اپنی میڈم جی… میڈم محبوبہ جی ہیں… جن کا اس پورے انتخابی عمل کے ودران کہنا تھا کہ … کہ وہ کنگ میکر کا کردار ادا کریں گی… ان کی حمایت ‘ ان کی مدد کے بغیر کوئی بھی سیکولر حکومت نہیں بن سکتی ہے… بالکل بھی نہیں بن سکتی ہے… ایسا کہہ کر میڈم جی یہ کہنا چاہتی ہیںکہ… کہ بھلے ہی کانگریس اور این سی نے سیٹوں کی تقسیم کے دوران اسے کوئی گھاس نہیں ڈالی… بالکل بھی نہیں ڈالی … لیکن… لیکن الیکشن کے بعد پی ڈی پی کی حمایت اور مدد کے بغیر راہل بابا اور نہ گورے گورے بانکے چھورے‘عمرعبدللہ گھاس نہیں کھا پائیں گے… بالکل بھی نہیں کھا پائیں گے ۔لیکن… لیکن کہانی میں ایک موڈ ہے …اور وہ یہ ہے کہ… کہ ایگزٹ پول بھلے ہی اس طرف اشارہ کررہا ہے کہ اگر این سی ‘ پی ڈی پی اور کانگریس مل جائیں تو… تو وہ حکومت بنانے کی پوزیشن میں آ سکتی ہیں… لیکن…لیکن کیا انہیں اس پوزیشن میں آنے دیا جائیگا ؟ کیا بی جے پی خاموش تماشائی کا رول ادا کرے گی… کیا یہی دن دیکھنے کیلئے اس نے کشمیریوں کو ۵؍اگست ۲۰۱۹ کا دن دکھایا تھاکہ … کہ دفعہ ۳۷۰ کی منسوخی کے پانچ سال بعد ہی بی جے پی کو کشمیر… جموں کشمیر سے ایسے نکال دیا جائیگا جیسے مکھن میں سے بال … نہیں صاحب ایسا نہیں ہو سکتا ہے… بی جے پی اتنی بڑی قربانی نہیں دے گی… وہ اتنی بڑی قربانی دینے کیلئے تیار نہیں ہو سکتی ہے… اس لئے فلم ابھی باقی ہے… وہ فلم جس کا ٹریلر ہمیں دکھایا نہیں بلکہ سنا یا جا رہا ہے… یہ کہہ کر سنایا جا رہا ہے کہ… کہ ایل جی صاحب اپنے اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے جموںکشمیر اسمبلی کیلئے پانچ نامزد ممبران کا اعلان کر سکتے ہیں…اور یوں جہاں آج نتائج کے دن باقی سبھی جماعتیں اپنی اننگ کی شروعات صفر سے کررہی ہیں، وہیں بی جے پی ۵ سے کر سکتی ہے… اور سو فیصد کر سکتی ہے ۔ ہے نا؟