سری نگر/۵اکتوبر
نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے ہفتہ کے روز کہا کہ ان کی پارٹی جموں و کشمیر میں اگلی حکومت بنانے کے لئے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے ساتھ کبھی اتحاد نہیں کرے گی۔
ڈاکٹر فاروق نے کہا کہ جو بھی پارٹی بی جے پی کا ساتھ دے گی وہ جموں و کشمیر میں غائب ہوجائے گی۔
این سی صدر نے کہا کہ بھگوا پارٹی کے ساتھ اتحاد کرنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا اور نیشنل کانفرنس کے حق میں ووٹ بی جے پی کے خلاف ہے۔
داکٹر فاروق نے آج ایگزٹ پول کا جواب دیتے ہوئے کہا”ہم کسی چیز کی توقع نہیں کر سکتے، لیکن نتائج کا اعلان ہونے دیں اور اس بارے میں راستہ صاف ہو جائے گا کہ انتخابات میں کس نے کیا کیا ہے“۔
نیشنل کانفرنس کے سربراہ نے کہا کہ کانگریس ہریانہ اسمبلی انتخابات میں بھی کامیابی حاصل کرے گی اور کہا کہ موجودہ حکومت کا خمیازہ بھگتنے والے لوگوں نے کانگریس کے حق میں ووٹ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
ڈاکٹر فاروق کا یہ بیان سابق مئیر جنید متو کے اس دعوے کے بعد سامنے آیا ہے جس میں انہوں نے کہا تھا کہ ڈاکٹر فاروق نے ایک ثالث سے بی جے پی کے ساتھ نئی حکومت بنانے کیلئے پہلگام میں دو بار ملاقات کی۔
نیشنل کانفرنس کے ترجمان نے جمعہ کو ہی متو کے اس دعوے کو مسترد کردیا تھا ۔