نئی دہلی/۴اکتوبر
ہندوستان نے جمعہ کے روز اعلان کیا کہ وزیر خارجہ ایس جئے شنکر اکتوبر کے وسط میں شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس میں شرکت کے لئے پاکستان کا دورہ کریں گے۔
یہ اعلان وزارت خارجہ کے ترجمان رندھیر جیسوال نے کیا۔
پاکستان کا دورہ کرنے والی آخری بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج تھیں۔ وہ دسمبر 2015 میں افغانستان کے بارے میں ایک کانفرنس میں شرکت کےلئے اسلام آباد گئی تھیں۔
پاکستان 15 اور 16 اکتوبر کو شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہان حکومت کی کونسل کے اجلاس کی میزبانی کر رہا ہے۔
جیسوال نے ہفتہ وار میڈیا بریفنگ میں کہا کہ وزیر خارجہ 15 اور 16 اکتوبر کو اسلام آباد میں ہونے والے شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہ اجلاس میں شرکت کے لیے ہمارے وفد کی قیادت کریں گے۔
ترجمان نے واضح کیا کہ وزیر خارجہ شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہ اجلاس میں شرکت کے لیے پاکستان کا دورہ کر رہے ہیں۔
اگست میں پاکستان نے وزیر اعظم نریندر مودی کو شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہ اجلاس میں شرکت کی دعوت دی تھی۔ جئے شنکر کا دورہ پاکستان اس لحاظ سے اہمیت کا حامل ہے کہ اسے نئی دہلی کی جانب سے ایک بڑے فیصلے کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔