دبئی//متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں جمعرات سے شروع ہونے والے آئی سی سی خواتین کے ٹی 20 ورلڈ کپ کے نویں ایڈیشن میں ہونے والے ہندوستانی ٹیم کے میچوں کا شیڈول کچھ اس طرح ہے۔
کل سے شروع ہونے والے اس ٹورنامنٹ میں ہندوستان کی مہم جمعہ کو نیوزی لینڈ کے خلاف میچ سے شروع ہوگی۔ یہ میچ دبئی انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ ہندستان بمقابلہ پاکستان میچ 6 اکتوبر بروز اتوار کو کھیلا جائے گا۔
اس ٹورنامنٹ میں دنیا کی ٹاپ 10 ٹیمیں ٹائٹل جیتنے کے لیے 3 سے 20 اکتوبر تک دو گروپس میں مدمقابل ہوں گی۔ تمام ٹیموں کے گروپ مرحلے کے میچز راؤنڈ رابن فارمیٹ میں کھیلنے کے بعد، ہر گروپ سے سرفہرست دو ٹیمیں سیمی فائنل میں پہنچ جائیں گی۔
ہندوستانی خواتین کرکٹ ٹیم گروپ اے میں چھ مرتبہ کی ریکارڈ چیمپئن آسٹریلیا، حریف پاکستان، نیوزی لینڈ اور سری لنکا کے ساتھ ہے۔ جبکہ گروپ بی میں جنوبی افریقہ، انگلینڈ، ویسٹ انڈیز، بنگلہ دیش اور سکاٹ لینڈ شامل ہیں۔