کولکاتہ// بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) کے صدر اور ہندوستانی ٹیم کے سابق کپتان سورو گنگولی نے جمعرات کو ‘کلاس پلس’ کے نام سے ایک ایپ لانچ کی۔
کلاس پلس ایک ایجوکیشن ٹیک اسٹارٹ اپ ہے جس کی مدد سے ٹیچراور ہنر پر مبنی کنٹینٹ کریئٹرس اپنے خود کے برانڈڈ ایپس کے ساتھ رقم حاصل کرسکیں گے۔
ایپ لانچ کرتے ہوئے سورو گنگولی نے اپنے ٹویٹر اکاؤنٹ پر کہا، "آئی پی ایل نے ہمیں بہت سے بہترین کھلاڑی دیے ہیں لیکن جو چیز مجھے متاثر کرتی ہے وہ یہ ہے کہ ان کھلاڑیوں کے کوچزان کی کامیابی کے لیے اپنا خون پسینہ ایک کردیتے ہیں۔ صرف کرکٹ نہیں بلکہ اکیڈمک، فٹ بال، موسیقی جیسے شعبوں کے لئے بھی یہ حقیقت ہے۔”
انہوں نے کہا، ’’ہم ہمیشہ سے اداکاروں، کھلاڑیوں اور کامیاب تاجروں کی تعریف کرتے آرہے ہیں۔ اب وقت آگیا ہے کہ ہم حقیقی ہیروز، کوچز اور اساتذہ کی تعریف کریں۔”
گنگولی نے کہا، "میں تمام اساتذہ اور کوچز کے لیے کچھ کرنا چاہتا ہوں۔ آج سے، میں ان کی مدد کے لیے ان کے ٹریڈ مارک سفیر(برانڈ امبیسڈر) کے طور پر کام کروں گا۔ میرے مقصد میں میری مدد کرنے کے لیے کلاس پلس کا شکر گزار ہوں۔
قابل ذکر ہے کہ گنگولی نے بدھ کے روزٹویٹ کیا تھا کہ وہ "اپنی زندگی میں کچھ نیا شروع کرنے جا رہے ہیں”، جس کے بعد یہ قیاس آرائیاں عروج پر تھیں کہ وہ بی سی سی آئی صدر کے عہدے سے استعفیٰ دے کر سیاست کا رخ کریں گے۔
اس کے چند گھنٹے بعد، بدھ کی شام، گنگولی نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ صدر کے عہدے سے استعفیٰ نہیں دے رہے ہیں بلکہ ایک ایجوکیشن ایپ لانچ کر رہے ہیں۔