جموں//
جموں کشمیر کے ضلع ریاسی کے شکاری علاقے میں گذشتہ روز سیکورٹی فورسز اور ملی ٹنٹوں کے درمیان گولیوں کے تبادلے کے بعد وسیع پیمانے پر تلاشی آپریشن جاری ہے ۔
ریاسی پولیس نے جمعہ کے روز ’ایکس‘پر ایک پوسٹ میں کہا’’مصدقہ انٹلی جنس اطلاع موصول ہونے پر دن کے قریب ایک بجے آپریشن شروع کر دیا گیا اور اس دوران ریاسی کے پولیس اسٹیشن چسانہ کے شکاری علاقے میں سیکورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان گولیوں کا تبادلہ ہوا‘‘۔
ذرائع نے بتایا کہ اس علاقے میں سیکورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان رات بھر رک رک کر گولیوں کا تبادلہ جاری رہا تاہم صبح سے خاموشی چھائی ہوئی ہے ۔
ذرائع نے کہا کہ علاقے میں وسیع پیمانے پر تلاشی آپریشن جاری ہے اور علاقے کو مکمل طور پر سیل کر دیا گیا تاکہ وہاں چھپے جنگجو فرار نہ ہونے پائے ۔
ادھرجموں کے کشتواڑ ضلع کے چھاترو علاقے میں ہفتے کی شام سیکورٹی فورسز اور ملی ٹینٹوں کے مابین گولیوں کا تبادلہ ہوا ہے ۔
اطلاعات کے مطابق ہفتے کی سہ پہر سیکورٹی فورسز نے مصدقہ اطلاع موصول ہونے کے بعد کشتواڑ کے چھاترو علاقے کو محاصرے میں لے کر تلاشی آپریشن شروع کیا۔
ذرائع نے بتایا کہ جوں ہی سیکورٹی فورسز کے اہلکار مشتبہ مقام کے نزدیک پہنچے تو وہاں پر موجود ملی ٹینٹوں نے فورسز پر فائرنگ شروع کردی۔
معلوم ہوا ہے کہ سیکورٹی فورسز نے بھی جوابی کارروائی شروع کی جس دوران علاقہ گولیوں کی گن گرج سے لرز اٹھا۔
ذرائع کے مطابق سیکورٹی فورسز نے ایک وسیع علاقے کو محاصرے میں لے کر لوگوں کے چلنے پھرنے پر پابندی عائد کی۔آخری اطلاعات موصول ہونے تک علاقے میں آپریشن جاری تھا۔